• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: منگھوپیر میں درجنوں غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ توڑ دیے گئے


کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کے اینٹی واٹر تھیفٹ سیل کے عملے نے منگھو پیر میں غیر معمولی آپریشن کے دوران پانی چوری کرنے والے درجنوں ہائیڈرینٹ توڑ دیے۔

اینٹی واٹر تھیفٹ سیل کے انچارج تابش رضا حسین کے مطابق وزیرِ بلدیات ناصر حسین شاہ اور ایم ڈی واٹر بورڈ صلاح الدین احمد کی ہدایت پر کراچی میں پانی چور مافیا کے خلاف بھرپور کارروائیاں شروع کی گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی کے پانی سے محروم علاقوں تک پانی کی سپلائی بحال کرنے کے لیے غیر قانونی واٹر ہائیڈرینٹ اور پانی کی چوری کے لیے لیے گئے زیرِ زمین کنکشن توڑے جا رہے ہیں۔

تابش رضا کے مطابق اس سلسلے میں بدھ کی دوپہر منگھو پیر روڈ پر بھرپور کارروائیاں کی گئیں، جن کے دوران مختلف ماربل فیکٹریوں، کمپاؤنڈز اور گھروں میں قائم کیے گئے غیر قانونی واٹر ہائیڈرنٹس اور زیرِ زمین واٹر ٹینک توڑ دیے گئے۔

انچارج اینٹی واٹر تھیفٹ سیل تابش رضا حسین کے مطابق پانی چوروں نے منگھو پیر روڈ سے گزرنے والی 66 انچ قطر کی مرکزی سپلائی لائن سے 4 انچ کے کنکشن لے رکھے تھے، جن سے یومیہ لاکھوں گیلن پانی چوری کر کے ٹینکرز اور لائنوں کے ذریعے گھروں اور فیکٹریوں کو مہنگے داموں فروخت کیا جاتا تھا۔

تابش رضا کے مطابق اگلے مرحلے میں شہر کے دیگر علاقوں میں بھی اس طرح کے آپریشن کیے جائیں گے۔

قومی خبریں سے مزید