• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سوال کا جواب نہ بن پایا تو وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے صحافی پر الزامات اور گالیاں


وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر سردار تنویر الیاس صحافی کے سوال کا جواب نہ دے سکے تو بھارتی ایجنسی'را' سے پیسے لینے کا الزام لگا دیا، ثبوت مانگنے پر نمائندہ جیو نیوز حیدر شیرازی کو گالیاں دینے پر اتر آئے۔

8 فروری کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے بعد جیو نیوز کے نمائندے نے سردار تنویر الیاس سے سوال پوچھا کہ کشمیر پر بلائے گئے اجلاس میں وزیراعظم پاکستان اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو شریک نہیں ہوئے تو انہوں نے جیو نیوز کے نمائندے حیدر شیرازی پر الزام لگا دیا۔

صحافی نے سوال کیا کہ "پارلیمنٹ کا اجلاس کشمیر پر تھا اگر دیکھا جائے تو وزیراعظم پاکستان نہیں آئے، وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے قرار داد پیش کرنی تھی وہ نہ آئے یہ تو آپ کے دعووں کے برعکس ہے"؟

سوشل میڈیا پر خبریں آنے لگیں کہ الزام تراشی پر صحافی وزیراعظم آزاد کشمیر کے خلاف ایف آئی آر درج کروارہے ہیں۔

سردار تنویر الیاس کے قریبی رفقا کی طرف سے رابطہ کرنے پر نمائندہ جیو نیوز نے آگاہ کیا کہ سوشل میڈیا پر فیک خبریں چل رہی ہیں، رفقا کے اصرار پر اس بارے میں وزیراعظم آزاد کشمیر کو بھی آگاہ کر دیا اور چند سوالات بھی بھجوائے۔

سوالات کے جوابات تو نہیں آئے لیکن وزیراعظم آزاد کشمیر سردار تنویر نے رات 2 بج کر 30 منٹ پر کال کی اور ایک بار پھر بے بنیاد الزامات لگائے اور اب کی بار گالیاں بھی دیں۔

سردار تنویر الیاس کو نمائندہ جیو نیوز نے سوالات بھیجے تھے کہ ان پر لگائے گئے الزامات کے ثبوت دیے جائیں۔ گالی کیوں دی؟ اور یہ کہ موبائل چھیننے کا حکم کیوں دیا؟

قومی خبریں سے مزید