بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیرالدین شاہ کا کہنا ہے کہ جنوبی بھارت کی فلمیں معقولیت اور حساسیت سے عاری ہونے کے باوجود جس انداز میں پیش کی جارہی ہیں وہ بہت عمدہ ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ساؤتھ کی فلمیں ہندی سنیما سے بہتر نتائج دے رہی ہیں۔
ایک بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے 72 سالہ اداکار نے کہا کہ تامل، کناڈا، ملیالم اور تیلگو فلم انڈسٹری بالی ووڈ یا ہندی فلمی صنعت سے زیادہ تخلیلاتی اور حقیقی ہے۔
گزشتہ 50 برسوں سے ممبئی کی فلم نگری میں اپنے منفرد انداز اداکاری کے لیے معروف نصیرالدین شاہ نے گفتگو جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ گو کہ جنوب کی فلمیں معقولیت اور حساسیت سے عاری ہوتی ہیں لیکن ان کے پیش کرنے کا انداز ہمیشہ کافی بہتر ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ حالیہ سالوں میں ساؤتھ کی فلمیں جیسے کہ کے جی ایف، پشپا دی رائز، کنتارا اور آر آر آر نے مقامی باکس آفس پر ہندی فلموں کو پیچھے چھوڑ دیا اور بہت زیادہ بزنس کیا۔
اکشے کمار اور عامر خان جیسے ہندی سنیما کے صف اول کے اداکاروں کی حالیہ ماہ و سال میں جاری ہونے والی کئی ہندی فلمیں گزشتہ برس باکس آفس پر اچھے نتائج نہ دے سکیں۔
اس کی تازہ مثال اکشے کمار کی فلم سیلفی ہے جو دو روز قبل جمعہ کو ریلیز ہوئی لیکن توقع سے کم نتائج کی حامل رہی۔