• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاک بھارت سیز فائر پر پاکستانی فنکاروں کا ردعمل سامنے آگیا

----فائل فوٹوز
----فائل فوٹوز

پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے اعلان پر پاکستانی فنکاروں نے اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے خیر مقدم کیا ہے۔

پاکستان کے سپر اسٹار ہمایوں سعید نے کہا کہ جنگ کبھی بھی مسئلے کا حل نہیں، ہم پاکستانی ہمیشہ امن کے حامی رہے ہیں اور آئندہ بھی رہیں گے، دعا ہے کہ امن اور خوشحالی کا یہ سفر آگے بھی جاری رہے، آمین، پاکستان زندہ باد۔

معروف اداکار فیصل قریشی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ سے پاکستان میں معصوم لوگ متاثر ہوئے، اسی لیے قوم بارہا کہتی رہی کہ جنگ نہیں، امن ہی مسئلے کا حل ہے۔

اداکار زاہد احمد نے جنگ بندی پر اللّٰہ کا شکر ادا کیا اور بھارت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ اب ہمیں ان کو پہلے کی طرح نہیں دیکھنا چاہیے، آئیے ان کے گانوں کو اپنی زندگی سے نکال دیں، ان کی پہلے سے ناکام ہوتی فلموں کو چھوڑ دیں، انہیں پڑوسی کہنا بند کریں اور انہیں وہ کہیں جو وہ ہیں اشتعال انگیز اور دشمن۔

مشہور اداکارہ سجل علی نے کہا جنگ بندی کی خبر سن کر دل میں یہ امید جاگتی ہے کہ یہ سچ ہو، ایسے مشکل وقتوں میں دعا ہے کہ عقل و فہم اور ہمدردی ہمیں راستہ دکھائے، اپنے ملک سے محبت کرنا فطری بات ہے، لیکن یہ محبت معصوم جانوں کی قیمت پر یا انسانیت کو نظرانداز کرتے ہوئے نہیں ہونی چاہیے، خدا کرے کہ امن کو کوئی راستہ مل جائے۔

اداکارہ ماہرہ خان اور دیگر فنکاروں نے مشکل حالات میں فوج کی اہمیت کو سراہا، جب کہ سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کہا کہ سرحد کے دونوں طرف کے عوام جنگ سے پریشان تھے، اس لیے ہمیں جیو اور جینے دو کے اصول پر عمل کرنا ہوگا۔

شائستہ لودھی نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، بات چیت اور باہمی احترام کو ترجیح دی، اس لیے یہ جنگ بندی ایک خوش آئند اور امید افزا پیش رفت ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید