• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تونیشا شرما خودکشی کیس میں شیزان خان کو رہائی مل گئی


آنجہانی بھارتی اداکارہ تونیشا شرما کو خودکشی کرنے پر مجبور کرنے کے الزم میں گرفتار اداکار شیزان خان کی ضمانت ہونے کے بعد انہیں جیل سے رہا کردیا گیا ہے۔

رہائی کے بعد اداکار شیزان خان کی جیل سے باہر آنے کی ویڈیو سامنے آگئی ہے،  شیزان خان جب جیل سے باہر آئے تو انہوں نے اپنے چہرے پر ماسک لگایا ہوا تھا جبکہ ان کی بہنوں فلک ناز اور شفق ناز نے شیزان خان کا استقبال کیا، اس موقع پر جذباتی مناظر بھی دیکھنے میں آئے۔

دونوں بہنوں نے گاڑی میں بٹھانے سے قبل شیزان خان کو گلے بھی لگایا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں اپنی مبینہ گرل فرینڈ، اداکارہ تونیشا شرما کو خودکشی پر اُکسانے کے الزام میں گرفتار کیے گئے شیزان خان کی گزشتہ روز مہاراشٹرا کی ایک عدالت سے ضمانت ملی تھی، جس کے بعد انہیں آج رہا کردیا گیا ہے۔

شیزان خان کو 1 لاکھ روپے کے مچلکوں اور پاسپورٹ کے عوض ضمانت دی گئی۔

واضح رہے کہ 20 سالہ تونیشا شرما نے 24 دسمبر کو ڈرامہ سیریل ’علی بابا داستانِ کابل‘ کے سیٹ پر ساتھی اداکار اور مبینہ سابق بوائے فرینڈ شیزان محمد خان کے میک اپ روم میں خودکشی کر لی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید