• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجھ پر شک کیا جا رہا ہے کہ میں بک گیا ہوں: شوکت یوسفزئی انٹرویو میں رو پڑے

پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ مجھ پر شک کیا جا رہا ہے کہ میں بک گیا ہوں۔

پی ٹی آئی رہنما شوکت یوسفزئی نے ’جیو نیوز‘ کے پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی کے بیان پر ردِعمل کا اظہار کیا اور اپنے اوپر لگنے والے الزامات پر بات کرتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔

انہوں نے کہا کہ سینئر ممبر ہونے کے ناتے میں نے خدشے کا اظہار کیا تھا کہ میں اصول کی بات کرتا ہوں، مجھے کس چیز کا ڈر اور خوف نہیں، 26 نومبر کے احتجاج کے دوران بھی میں نے اس قسم کے خدشات کا اظہار کیا تھا۔

رہنما پی ٹی آئی نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ کے پی نے میرے خط سے متعلق جو کہا اس پر مجھے برا لگا، مجھے سہیل آفریدی سے اس بات کی توقع نہیں تھی۔

شوکت یوسفزئی نے کہا کہ میں نے سہیل آفریدی کا دفاع کیا وہ دہشت گردوں کے سہولت کار نہیں، انہوں نے جب 4 اکتوبر کو مارچ کا اعلان کیا تھا، تو میں نے کہا کہ سب سے پہلے میں ہوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرے خلاف سوشل میڈیا پر جو زبان استعمال ہوئی اس پر مجھے افسوس ہے، سوشل میڈیا ایکٹیوسٹس کی وجہ سے پارٹی کو نقصان ہو رہا ہے۔

شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ 9 مئی کے بعد جتنے لوگ پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں انہوں نے سخت وقت دیکھا۔

سیکریٹری اطلاعات تحریکِ انصاف نے پارٹی چھوڑنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ میرے پارٹی چھوڑنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

واضح رہے کہ تحریکِ انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پارٹی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر اور دیگر کو خط لکھ کر ملک کے وسیع تر مفاد میں لانگ مارچ فوری ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی۔

جواب میں وزیرِاعلیٰ خیبر پختون خوا سہیل آفریدی نے پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات کا خط ملنے پر ڈسٹ بن میں پھینکنے کا اعلان کیا تھا۔

قومی خبریں سے مزید