بھارتی آنجہانی اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی بہن شویتا سنگھ کیرتی نے اداکار کے پوسٹ مارٹم سے متعلق چونکا دینے والے دعوے کیے ہیں۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق حالیہ ویڈیو میں شویتا سنگھ کیرتی نے دعویٰ کیا ہے کہ سوشانت کا پوسٹ مارٹم کرنے والے شخص نے مجھے بتایا تھا کہ گولی چلنے کے شواہد ملے تھے اور سوشانت کی ٹانگ بھی ٹوٹی ہوئی تھی۔
شویتا سنگھ نے دعویٰ کیا ہے کہ سوشانت پر بہت زیادہ طاقت استعمال کی گئی تھی اور ان کی آنکھوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔
سوشانت کی ہمشیرہ نے ان تفصیلات کو ایسی معلومات کے طور پر پیش کیا ہے جو انہیں حال ہی میں پتہ چلی ہیں۔
انہوں نے پوسٹ مارٹم کرنے والے شخص کی شناخت یا ان دعوؤں سے متعلق حالات کے بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
شویتا سنگھ نے کہا کہ کسی اپنے کے ساتھ ایسا کچھ ہونے کا تصور کرنا بھی انتہائی مشکل ہے، جب معاملہ کسی ایسے شخص کا ہو جس سے انسان بہت محبت کرتا ہو تو معاف کرنا کہیں زیادہ مشکل ہو جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجھے سوشانت کی موت کا گہرا دکھ ہے، لیکن میں نفرت، انتقام یا رنجش کو خود پر حاوی نہیں ہونے دیتی، میں نہیں چاہتی کہ یہ کیفیت مجھ پر حاوی ہو۔
شویتا سنگھ نے کہا کہ میری زندگی کا مقصد محبت، ایمان، نیکی اور خدا کے لیے کھڑا ہونا ہے۔
واضح رہے کہ سوشانت سنگھ راجپوت جون 2020ء میں چل بسے تھے اور ان کی موت اور اس سے منسلک حالات آج بھی عوامی سطح پر زیرِ بحث ہیں۔