وفاقی وزیر شازیہ مری نے کہا ہے کہ حق کے حصول کی جنگ لڑنے والی خواتین کو خراجِ تحسین پیش کرتی ہوں۔
وفاقی وزیر تخفیف غربت و سماجی تحفظ اور چیئرپرسن بینظیر اِنکم سپورٹ پروگرام شازیہ مری نے خواتین کے عالمی دن پر پیغام جاری کیا ہے۔
شازیہ مری نے کہا ہے کہ اس دن کے منانے کا مقصد خواتین کے سماجی، سیاسی اور اقتصادی مسائل اجاگر کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین کی شمولیت کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہوسکتا، پاکستان میں خواتین ہر شعبے میں مردوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ پاکستانی عورت بے شمار مسائل سے دوچار ہے، خواتین کو باوقار مقام اور روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ہم نے خواتین کے خلاف صنفی امتیاز اور تشدد کے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات اٹھائے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے ملک میں جمہوریت اور آئین کی بالادستی کے لیے عظیم قربانیاں دیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ بینظیر کفالت کے تحت مستحق خواتین کو معاشی طور پر بااختیار بنا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ بینظیر تعلیمی وظائف سے مستحق خواتین کے بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔