بھارت میں ایک خاتون کی لاش بنگلور اسٹیشن پر رکھے پلاسٹک کے ڈرم سے برآمد ہوئی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز بنگلور کے ایک ریلوے اسٹیشن پر ایک خاتون کی لاش پلاسٹک کے ڈرم کے اندر سے ملی، یہ رواں سال بنگلور اسٹیشن پر ڈرم سے لاش ملنے کا دوسرا واقعہ ہے۔
گزشتہ روز ریلوے اسٹیشن کے ایک داخلی دروازے کے قریب سے صبح 10 سے 11 بجے کے درمیان یہ ڈرم برآمد ہوا جسے کپڑوں سے ڈھانپ کر رکھا گیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی عمر تقریباً 31 سے 35 برس ہوگی تاہم ابھی اس کی شناخت نہیں ہوسکی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ 3 مشتبہ افراد خاتون کی لاش کو ڈرم میں ڈال کر پہلے بذریعہ ٹرین اور پھر رکشے کے ذریعے ریلوے اسٹیشن کے دروازے تک لے کر آئے اور یہاں پھینک کر فرار ہوگئے۔
سپرنٹنڈنٹ آف ریلوے پولیس بنگلور ڈاکٹر سوملاتھا کے مطابق انہوں نے اپنی ایک تحقیقاتی ٹیم کو خاتون کی شناخت کے لئے بھیجا تاہم انہیں کامیابی حاصل نہ ہوئی۔
یاد رہے کہ دو ماہ قبل، 4 جنوری کو، بنگلور کے ایک اور ریلوے اسٹیشن پر صفائی کے عملے کو پلاسٹک کے ڈرم سے 20 سالہ خاتون کی سڑی ہوئی لاش ملی تھی۔