اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ جو کام پاکستان تحریک انصاف کررہی ہے اگر کسی مذہبی جماعت نے یہ سب کیا ہوتا تو اسے دہشت گرد اور باغی قرار دیا جا چکا ہوتا اور اسٹیبلشمنٹ بھی اس کے خلاف حرکت میں آچکی ہوتی۔ عمران خان کی غلطیوں کی سزا پاکستان کو نہیں دی جا سکتی، عمران خان پاکستان کو کمزور اور اس کے خاتمے کا ایجنڈا رکھتا ہے اور ان کا ایک ایک عمل ان خدشات کی تائید کررہا ہے۔ موجودہ صورتحال میں ریاست کو اپنی عملداری کے لئے تمام تر توانائیاں بروئے کار لانی چاہئیں، ہم پاکستان کو کمزور نہیں ہونے دیں گے، ہمیں ایک محفوظ پاکستان اور محفوظ مستقبل کی بنیاد ڈالتے ہوئے اس قسم کے فتنوں سے پاکستان کو محفوظ رکھنا ہے، مولانا فضل الرحمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عدالتوں کو ریاست کو طاقتور بنانا چاہئے، جو کچھ نظر آ رہا ہے اس میں عدالتوں کے رویے سے بھی ریاست کمزور ہو رہی ہے اور باغی قوتوں کی حوصلہ افزائی ہو رہی ہے تو صورتحال بہت حساس ہے۔