تل ابیب (اے ایف پی) اسرائیلی حکومت کی جانب سے متنازع عدالتی اصلاحات کے مخالف مظاہرین نے بدھ کے روز بن گوئیر ائیر پورٹ پر احتجاجی مظاہرہ کیا ہے، یہ مظاہرہ اس وقت کیا گیا جب صیہونی وزیراعظم نیتن یاہو دورہ جرمنی پر روانگی کیلئے ائیر پورٹ پہنچنے والے تھے۔ اس موقع پر ائیر پورٹ کے قریب احتجاجی مظاہرے میں شامل افراد نے بینرز اٹھارکھے تھے جن پر’’ ڈکٹیٹر بھاگ رہا ہے‘‘، ’’واپس مت آنا‘‘ کے نعرے درج تھے، مظاہرین کو آگے بڑھنے سے روکنے کیلئے اسرائیلی جھنڈے لگی کاریں ٹرمینلز کے درمیان کانوائے کی شکل میں گھومتی رہیں۔ ۔دریں اثناء جرمن حکومت کو اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کی میزبانی پر شدید دبائو کا سامنا ہے، نیتن یاہو کی دورہ جرمنی کیلئے روانگی اور اس کے بعد برطانیہ کے دورے پر جانے سے قبل ایک ہزار کے قریب مصنفین، فن کاروں اور اکیڈمکس نے دو یورپی ممالک کے سفیروں کو لکھے گئے خط میں ان کی حکومتوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نیتن یاہو کے دورے منسوخ کریں۔