برلن(نیوز ڈیسک)جرمن پار لیمنٹ میں ہٹلر سیلوٹ، اے ایف ڈی کے رکن پر فرد جرم عائد، رکن اسمبلی ماتھیاس موسڈورف کا یہ عمل جرمن قانون کے مطابق ممنوعہ عمل تھا،دفتر استغاثہ،جرمن دارالحکومت برلن میں ریاستی دفتر استغاثہ کے بیانات کے مطابق وفاقی جرمن پارلیمان کے ایوان زیریں بنڈس ٹاگ میں ہٹلر سیلوٹ کرنے پر انتہائی دائیں بازو کی جماعت اے ایف ڈی کے ایک رکن پر فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔اس رکن پارلیمان نے بنڈس ٹاگ میں ہٹلر سیلوٹ کرتے ہوئے جون 2023ء میں اپنے دونوں پاؤں کی ایڑیوں کو آپس میں ٹکرا کر اور دائیں ہاتھ سے اس طرح سلیوٹ کیا تھا کہ یہ عمل اس ہٹلر سیلوٹ کی عکاسی کرتا تھا، جو جرمنی میں رائج قانون کے مطابق ایک ممنوعہ عمل ہے۔اس رکن پارلیمان کا نام ماتھیاس موسڈورف ہے اور ان کی عمر اس وقت 60 برس ہے۔ انہوں نے یہ مبینہ غیر قانونی حرکت دو سال پہلے موسم گرما میں بنڈس ٹاگ کے ایک اجلاس کے دوران کی تھی، جس کے بعد ان کے خلاف تحقیقات شروع کر دی گئی تھیں۔