اسلام آباد( نیوز رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجلی کی چوری روکنے کیلئے حکومت ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کر رہی ہے۔حکومت نے صوبوں کے ساتھ مل کر بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے خسارے کو کم کرنے کی حکمتِ عملی مرتب کر لی ہے۔وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے یہ بات بدھ کوبجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کے دائرہ اختیار میں منتقل کرنے پر بلائے گئے اعلی سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیرِ اعظم نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کو صوبوں کو منتقل کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔کمیٹی صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر ٹرمز آف ریفرنس اور معینہ مدت کا تعین کرے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں بجلی چوری کرنے والے عناصر کا مؤثر سدباب کریں گے۔وفاق صوبوں کی استعداد بڑھانے کیلئے تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔صوبوں کے پاس بجلی کے بلوں کی وصولیوں کیلئے بہتر انتظامی ڈھانچہ موجود ہے۔اجلاس میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے بجلی چوری، عدم وصولیوں اور لائن لاسز کے نتیجے میں خسارے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔اجلاس کو بتایا گیا کہ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کا نظام صوبوں کے حوالے کرنا آئینی اقدام ہے۔ اس سے بلوں کی وصولی اور چوری کی روک تھام میں خاطر خواہ کمی واقع ہوگی۔بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کے نظام کی منتقلی کیلئے سب سے پہلے حکومتِ سندھ نے وفاقی حکومت سے رابطہ کیا تھا۔ اجلاس میں سابق وزیرِ اعظم شاہد خاقان عباسی، وفاقی وزراء اسحاق ڈار انجینئر خرم دستگیر، عابد حسین بھائیو، وزیرِ مملکت ڈاکٹر مصدق ملک، مشیرِ وزیرِ اعظم احد چیمہ، معاونِ خصوصی جہانزیب خان، وزیرِ اعلی سندھ سید مراد علی شاہ، وزیرِ اعلی خیبر پختونخوا اعظم خان، پنجاب اور بلوچستان کے چیف سیکٹریز اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت کی۔ادھر ایک ٹوئٹ میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے موقع پر پاکستان عقیدے کی بنیاد پر مسلمانوں کے خلاف ہر قسم کی نفرت اور امتیازی سلوک کے خاتمے کے لیے عالمی برادری کے ساتھ کھڑا ہے۔