• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حسان نیازی کے جسمانی ریمانڈ کیخلاف اپیل، تفتیشی افسر ریکارڈ سمیت عدالت طلب

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد میں عمران خان کے فوکل پرسن حسان خان نیازی کے جسمانی ریمانڈ کے خلاف اپیل پر سماعت ہوئی۔

حسان خان نیازی کے وکیل شیر افضل مروت نے عدالتی فیصلوں سے متعلق آرڈر عدالت میں جمع کرا دیے۔

وکیل نے بتایا کہ تفتیشی افسر کے مطابق گاڑی اور پستول کی برآمدگی کرنی ہے، اسلحہ کی برآمدگی پر ریمانڈ نہیں دیا جاسکتا۔

وکیل کا کہنا تھا کہ جو دفعات لگائی گئیں وہ کار سرکار میں مداخلت کی دفعات ہیں، ایک ہی قسم کی دفعات میں الگ الگ سزا نہیں دی جاسکتی۔

وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مقدمے میں اقدام قتل کی دفعہ بھی لگائی گئی جو سیاسی بنیادوں پر لگی، الزام لگایا گیا کہ بیریئر توڑا، بیریئر ہوگا تو توڑا جائے گا نا۔

جج سکندر خان نے ریمارکس دیے کہ ایسا تو نہیں کہ حسان خان نیازی کہیں بیریئر ساتھ لے گئے ہوں؟

وکیل شیر افضل مروت نے استدعا کی کہ دو روزہ جسمانی ریمانڈ کا فیصلہ قانون کے منافی ہے، منسوخ کیا جائے۔

عدالت نے حسان خان نیازی کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے پر فریقین کو نوٹس جاری کر دیے۔

عدالت نے تفتیشی افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

قومی خبریں سے مزید