• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سردار تنویر الیاس نے 1 سال میں 62 کروڑ سیکرٹ فنڈ میں خرچ کیے، ن لیگ

پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے صدر شاہ غلام قادر نے انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے سابق وزیراعظم سردار تنویر الیاس نے 1 سال میں 62 کروڑ 50 لاکھ روپے سیکرٹ فنڈ میں خرچ کر دیے، ترقیاتی بجٹ میں سوا ارب روپے کا گھپلا کیا گیا۔

شاہ غلام قادر نے پاکستان تحریک انصاف سے کرپشن کا حساب مانگتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے آزاد کشمیر کے غریب عوام کے ٹیکسوں کا پیسہ یہاں کی سیاست کو کرپٹ کرنے اور زمان پارک کے اخراجات اٹھانے کےلیے استعمال کیا۔

واضح رہے کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نئے قائدِ ایوان کے انتخاب کے لیے ہونے والے اجلاس کو کل 11 بجے تک ملتوی کر دیا گیا، 11 بجے شروع ہونے والا اجلاس ساڑھے تین بجے شروع ہوا تھا۔

ڈپٹی اسپیکر چوہدری ریاض نے اجلاس کل 11 بجے تک ملتوی کر دیا، اپوزیشن کے اراکین ایوان میں پہنچے تھے جبکہ حکومتی بینچ بدستور خالی تھی، اسپیکر اسمبلی بھی اجلاس میں نہیں پہنچ سکے۔

گزشتہ 3 روز سے مسلسل اجلاس تاخیر کا شکار ہو کر ملتوی کیا جا رہا ہے۔

آزاد کشمیر کے وزیراعظم کے انتخاب کا شیڈول بھی اب تک جاری نہیں ہوا۔

اسمبلی کے احاطے میں سخت سیکیورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے۔

سابق وزیراعظم آزاد کشمیر تنویر الیاس کو توہینِ عدالت پر ہائی کورٹ نے نااہل کر دیا تھا۔

قائدِ ایوان کا انتخاب جیتنے کے لیے سادہ اکثریت درکا ہوگی، 52 کے ایوان میں کم از کم 27 ووٹوں کے ساتھ قائدِ ایوان کو منتخب کیا جائے گا۔

نئے قائدِ ایوان آزاد کشمیر کے پندرہویں وزیراعظم ہوں گے۔

قومی خبریں سے مزید