• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران اتحاد کی جانب سے سپریم کورٹ کیخلاف منفی مہم قابل مذمت ہے، پرویز الہٰی

پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الہٰی نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو نہ تو معاشی بحران کی فکر ہے اور نہ ملکی معاملات سدھارنے کی صلاحیت ہے۔ آئین شکن حکمران صرف اور صرف غیر آئینی طور پر اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں۔ 

گجرات میں صنعتکاروں اور تاجروں سے ملاقات میں  صدر چوہدری پرویزالہیٰ نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ہر ادارے کے خلاف محاذ کھول رکھا ہے۔ حکمران اتحاد کی جانب سے سپریم کورٹ کیخلاف منفی مہم قابل مذمت ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اداروں کو متنازع بنانے کی مہم کے پیچھے ماسٹر مائنڈ نوازشریف ہیں۔ تاریخ کے نااہل ترین حکمران انتخابات کا سامنا کرنے سے خوفزدہ ہیں۔ 

چوہدری پرویز الہیٰ نے مزید کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام کے لیے انتخابات کے علاوہ کوئی اور طریقہ نہیں۔ مقررہ آئینی مدت میں انتخابات میں ناکامی پر نگراں حکومتوں کا اب کوئی آئینی جواز نہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نگراں حکومتوں کے معاملے پر سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرچکی۔ عمران خان کی قیادت میں پی ٹی آئی ان شاءاللّٰہ بھرپور انتخابی مہم چلائے گی۔ 

پرویز الہٰی نے کہا کہ عوام شہباز شریف کو اب ایک نااہل ترین اور آئین شکن حکمران کے طور پر جانتی ہے۔

قومی خبریں سے مزید