اسلام آباد (رپورٹ:حنیف خالد) پنجاب کے سیکرٹری خوراک محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کے نیشنل فوڈ سکیورٹی ڈویژن نے چینی کی خوردہ قیمت کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس کے مطابق فی کلو چینی اٹھانوے روپے ہے۔ یہ قیمت بالکل مناسب ہے اور پیداواری لاگت کو مدنظر رکھ کر مقرر کی گئی ہے۔چینی اسمگلنگ شوگر ملوں کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں،شوگر ملیں چینی فروخت کا ڈیٹا شیئر نہیں کرتیں،بغیر پرمٹ لے جائی جانے والی گاڑی بمعہ چینی ضبط کر لی جائیگی، وہ پیر کی شب پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن کے ترجمان کی طرف سے جاری کئے گئے بیان پر اپنا ردعمل دے رہے تھے جس میں کہا گیا تھا کہ چینی کی قیمت اسلئے بڑھائی گئی کیونکہ گنے کی قیمت خرید میں تینتیس فیصد اضافہ ہو گیا۔ محمد زمان وٹو سے جب چینی کی اسمگلنگ کے متعلق پوچھا گیا تو پنجاب کے سیکرٹری خوراک نے کہا کہ یہ شوگر ملوں کی ملی بھگت کے بغیر ممکن نہیں‘ شوگر ملیں چینی کی فروخت کا ڈیٹا شیئر نہیں کرتیں جس کی وجہ سے چینی کے خریداروں کا پتہ نہیں چل پاتا اور اسمگلنگ کی روک تھام نہیں کی جا سکتی۔