پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی طرف سے سپریم کورٹ کے سامنے مظاہرہ کرنے کی درخواست ضلعی انتظامیہ کو دے دی گئی۔
مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ احتجاج کے لیے درخواست ضلعی انتظامیہ کو جمع کروا دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پورے اسلام آباد سے مسلم لیگ ن کے کارکن احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے۔
طارق فضل چوہدری کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے باہر احتجاج کی درخواست میں دھرنے کا لفظ شامل نہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز پی ڈی ایم کی جانب سے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے باہر کل (پیر کو) دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
اس دھرنے میں شرکت کے لیے ملک بھر سے جے یو آئی ف کے قافلوں کی اسلام آباد کی جانب روانگی جاری ہے۔
پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے تمام سیاسی جماعتوں کو سپریم کورٹ کے خلاف احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے۔
اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا ہے کہ ایک مجرم کو یک طرفہ تحفظ اور وی آئی پی پروٹوکول دیا جا رہا ہے، عوام اور کارکنوں کو دعوت دے رہے ہیں کہ پیر کی صبح شاہراہِ دستور پہنچیں اور دھرنا دیں۔