• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ژاں لُک گوداغ ( JEAN - LUC GODARD ) نے ستمبر 2022 ء میں 92 سال کی عُمر میں عالمی سینما کے شائقین کو الودع کہتے ہوئے اگلے جہاں کی راہ لی۔فرینچ فلمز کے اِس ہدایت کار سے پاکستان میں لوگوں کو کچھ زیادہ دل چسپی نہیں ہوگی، کیوں کہ ہمارے پاس گپ شپ کے موضوعات کی کوئی کمی نہیں۔ایسے میں گوداغ کی رخصتی سے متعلق کون سوچے۔گوداغ نے فلم سے تعلق رکھنے والوں کو بہت کچھ سِکھایا اور زندگی کے مسائل کو ایک نئے رُخ سے دیکھنے کا سلیقہ دیا۔

گوداغ نے1930 ء میں دنیا میں آنکھیں کھولیں۔ اُس کی جوانی کا دَور دوسری عالمی جنگ کی تباہی کے بعد کا زمانہ تھا اور سرد جنگ کا آغاز ہو چُکا تھا۔ اُس دَور کے حالات و واقعات گوداغ کے مشاہدے سے گزرے اور اُس نے پردۂ سیمیں پر تھرکتی تصویروں اور فلمز کا بھی گہرا اثر لیا۔ یورپ کے دیگر ممالک کی طرح فرانس میں بھی فن و ثقافت بڑی تبدیلی کے عمل سے گزر رہے تھے، جن پر مباحثے جاری تھے۔

گوداغ، ان مباحثوں میں بھرپور شرکت کرتا اور بیسویں صدی کے وسط میں بننے والی فلمز پر گہری نظر رکھتا۔یہاں تک کہ وہ خود ایک بڑا فن کار بن گیا، جس نے فن کی بلندیاں چُھوئیں اور مالی ناکامیاں بھی بُھگتیں۔گوداغ کو سمجھنے کے لیے ہمیں سرگئی آئزن اسٹائن اور آورسن ویلز جیسے ہدایت کاروں کے فن کو دیکھنا ہوگا، جنہوں نے گوداغ کی شخصیت پر گہرے اثرات مرتّب کیے۔

آئزن اسٹائن وہ عظیم روسی فلمی ہدایت کار تھا، جس نے1925 ء تک اپنا مونتاژ کا نظریہ متعارف کروا دیا تھا، جب کہ وہ ابھی تیس سال کا بھی نہیں تھا۔ اس کی شاہ کار فلمیں’’ ہڑتال‘‘،’’ جنگی جہاز پاتيوم کین‘‘ اور’’ اکتوبر‘‘ فلمی دنیا میں دھوم مچا چُکی تھیں۔ اورسن ویلز چھبیس سال کی عُمر تک فلم’’ سٹیزن کین‘‘ میں ہدایت کاری اور اداکاری دونوں ہی کام شان دار طریقے سے انجام دے کے فلمی دنیا کی ایک عظیم تخلیق پیش کرچُکا تھا۔1950 ء کے اواخر تک گوداغ بھی تیس برس کا ہو چکا تھا، مگر وہ کوئی شاہ کار پیش کرنے میں ناکام تھا۔حقیقتاً اُسے ایک موقعے کی تلاش تھی، جس کے ذریعے وہ فلمی دنیا میں دھماکا خیز طریقے سے داخل ہوسکے۔

آئزن اسٹائن اور اورسن ویلز فلم بندی اور تدوین کے کئی معرکے سر کر چُکے تھے، جو گوداغ کے لیے مشعلِ راہ تھے۔ اگر آئزن اسٹائن پرولتاری حقیقت پسندی کو استعمال کرتے ہوئے فلمیں تخلیق کررہا تھا، تو اورسن ویلز اُس سرمایہ دارانہ ذہنیت کا پردہ چاک کر رہا تھا، جو جرائم کی حدوں کو چُھو رہی تھی۔1925 ء سے 1955ء تک دنیائے فن نے تیزی سے ترقّی کی۔ سوویت سوشلسٹ حقیقت نگاری اور ہٹلر کی پراپیگنڈا فلمز مثلاً’’ TRIUMPH OF THE WILL " سے لے کر امریکی فلم نوار (NOIR)، جس میں ہمفری بوگارٹ جیسے اداکار رنگ بھر رہے تھے، سب فلمی دنیا کو چار چاند لگا رہی تھیں۔اٹلی میں نئے حقیقت پسند (NEOREALIST) سینما میں وٹوری دی سیکا ’’بوٹ پالش‘‘ اور’’ سائیکل چور‘‘ جیسی فلمیں بنا رہے تھے اور بھارت میں ستیہ جیت رے بنگالی سینما کی " آپو " سلسلے کی تین فلمیں بنا چُکے تھے۔ 

ان سب نے گوداغ کو بہت متاثر کیا، جو اب فلمی دنیا کے دروازے پر دستک دے رہا تھا۔1950 ء کے اواخر تک فرینچ سینما فنی معیار کے مطابق کچھ پیچھے رہ گیا تھا، مگر فلمی نقّادوں کا جادو سر چڑھ کر بول رہا تھا۔گو کہ ژاں کوکٹو ( JEAN COC TEAO ) اور رابرٹ بریسوں (BRESSON) کچھ اچھی فلمیں بنا چُکے تھے، جن میں سے’’ BEATY AND THE BEAST 1946ء میں’’ OR PHEOS ‘‘1950 میں، ’’A MAN ESCAPED‘‘ 1956 ء میں اور" جیب کترا " نامی فلم1959 ء میں منظرِ عام پر آئیں، لیکن اُس وقت تک یہ ہدایت کار پچاس سال سے اوپر کے ہوچُکے تھے اور فلمی نقّاد تب فرینچ سینما میں انقلابی تبدیلیوں کی داغ بیل ڈال رہے تھے۔ اُس وقت کے فرانس میں غالباً سب سے مؤثر فلم نقّاد، آندرے بازاں (BAZIN) تھا، جو مشہور فلمی رسالےCAHICRS DU CINEMA یا " سینما پر نوٹ بُک" کے بانیوں میں شامل تھا۔ 

بازاں فلم کے شعبے میں حقیقت نگاری کا بڑا پرچارک تھا اور اُس کے نزدیک حقیقت نگاری سینما کی سب سے بڑی ذمّے داری تھی۔اُس کا خیال تھا کہ اپنے موضوع کو بہت زیادہ سچّائی کے ساتھ،کوئی لگی لپٹی رکھے بغیر پیش کیا جانا چاہیے اور اس میں کسی قسم کی بناوٹ یا تصنّع کی آمیزش نہیں ہونی چاہیے۔دل چسپ بات یہ ہے کہ غیر معمولی فن کارانہ صلاحیتیں رکھنے والے لوگ غالباً جلدی میں ہوتے ہیں۔آئزن اسٹائن صرف پچاس برس کی عُمر میں1948 ء میں دنیا چھوڑ گیا، بازاں صرف چالیس کا ہوکر1958 ء میں وفات پا گیا۔ اس کے بعد ایرک روہمر (ERIK ROHMER) فرینچ فلم انڈسٹری میں نمودار ہوا اور بازاں کے رسالے کی ادارت سنبھال لی۔ 

اُس نے اپنے نوجوان دوستوں، مثلاً گوداغ اور تروفو کی حوصلہ افزائی کی کہ وہ فلموں سے متعلق لکھنے کے ساتھ فلموں کے منظر نامے بھی تخلیق کریں اور ہدایت کاری و فلم سازی میں بھی اپنے جوہر آزمائیں۔ پھر اچانک پانچ، سات ایسی شخصیات نمودار ہوئیں، جو جوان بھی تھیں اور تخلیقی صلاحیتوں سے مالا مال بھی۔ اور اُنہوں نے پیرس کی فلمی دنیا کو ہلا کر رکھ دیا۔ان میں کلود شیب غول (CLAUD CHABROL)، گوداغ، ایلین رینے (ALAIN RENAIS)، ژاک ری ویت(JAEQUE RIVETE)، ایرک روہمر، تروفو (TRUFFAUTO) اور ایک بہت باصلاحيت خاتون ہدایت کار، ایگنس واردا (AGNES WARDA) اور اس کا فرینچ شوہر، ژاک دیمی (JAEQUE DEMY) شامل تھے۔ یہ آخری دو ہدایت کار خواتین کے مسائل پر خاص توجّہ دیتے تھے۔اس گروہ کے تمام لوگ بڑے دانش وَر تھے اور نت نئے خیالات کو عمل میں لانے کا حوصلہ بھی رکھتے تھے۔ ان ہی کے ذریعے فرینچ سنیما میں نئی لہر(NEW WAVE) آئی۔ اِس طرح1960 ء کا عشرہ فرینچ سنیما کے لیے ایک سنہرا دَور ثابت ہوا اور اس کا سہرا ان ہی باغیوں کے سَر جاتا ہے۔

گوداغ نے بھی اپنے دوستوں اور رفقائے کار کی طرح سنیما کے ایک دیوانے کی طرح اپنے کام کا آغاز کیا، اِس لیے سب سے پہلا سبق جو فلم بین گوداغ سے سیکھتے ہیں ،وہ یہ ہے کہ آپ کسی بھی شعبے میں مہارت حاصل کرنا چاہتے ہیں، تو آپ کو اُس سے بے حد لگاؤ ہونا چاہیے اور یہ لگن آپ کی پوری زندگی پر محیط ہونی چاہیے۔گوداغ خود اِس بات کا اظہار کرتا تھا کہ اس نے اوائل عُمری ہی میں سیکڑوں فلمیں دیکھ ڈالی تھیں اور اس عمل میں وہ اپنے پورے دل و جان سے شریک ہوتا تھا اور ہر تفصیل پر نظر رکھتا تھا۔اِس طرح باریک بینی کے ساتھ وہ فلموں پر تنقیدی مضامین لکھنے کے قابل ہوا۔ 

دوسری عالمی جنگ کے بعد دس سال میں اس نے فلمی دنیا کی ہر باریکی کو پرکھا، جانچا اور اُن پر تنقیدی انداز میں سوچا اور لکھا۔گوداغ اور اس کے دوستوں کے کام نے یہ ثابت کیا کہ جب تک ہم اپنے اندر خود اپنے فکر و فن کی طرح نہیں ڈالیں گے، یہ بات ناممکن رہے گی کہ ہم کسی اور کے فن پر تنقیدی نظر ڈال کر اس کی خامیاں یا خُوبیاں اجاگر کرسکیں۔ بہت وسیع مطالعے اور مشاہدے کے بعد ہی ہم اِس قابل ہوسکتے ہیں کہ معاشرے پر درست نظر ڈال سکیں، جو متاثر کُن بھی ہو اور جدّت پسند بھی۔1960 ء تک گوداغ کے دوست واردا، شیب غول اور تروفو فلموں کی تخلیقی دنیا میں براہِ راست قدم رکھ چُکے تھے، جس نے فرینچ سنیما میں ایک نئی لہر یا موج کا آغاز کردیا تھا۔

اب گوداغ بھی پر تول رہا تھا اور جلد ہی اس نے "BREATHLES" نامی فلم کا آغاز کیا، جس کا اردو ترجمہ’’ بے دَم‘‘ یا’’ بے نفس‘‘ کیا جاسکتا ہے۔ اِس میں اُس نے فلم کی بہت سی روایات سے ہٹ کر کام کیا اور سِکھایا کہ وہ کچھ سُننا، پڑھنا اور دیکھنا چاہیے، جو باقی دنیا کے روایتی سُننے، پڑھنے اور دیکھنے سے مختلف ہو۔ جو سب کر رہے ہیں، وہی کرنا کوئی کمال نہیں۔ گوداغ، سوویت حقیقت پسندی اور اطالوی نئی حقیقت پسندی سے بھی مختلف دیکھ اور سوچ رہا تھا۔اُس کے نزدیک زندگی کی حقیقی عکّاسی سے زیادہ اہم تنقیدی عکّاسی تھی کہ تنقيدی زاویۂ نگاہ، حقیقی زاویے سے زیادہ مؤثر ہوسکتا ہے اور حقیقت کی عکّاسی کی طرف اُس کا جھکاؤ آئزن اسٹائن، ڈی سیکا اور ستیہ جیت رے سے بھی خاصا مختلف تھا۔

گوداغ کی فلم سازی اور ہدایت کاری صرف حقیقت پیش کرنے ہی تک محدود نہیں تھی، بلکہ وہ لوگوں کی تنقیدی صلاحیت بھی اُبھارنا چاہتا تھا اور یہ سب اُس نے اپنے دوستوں کے ساتھ رہ کے ہی سیکھا تھا،جن کا ماننا تھا کہ سماج کو ایسے تنقیدی مفکّرین اور تخلیقی ہدایت کاروں کی ضرورت رہتی ہے، جو معاشرے کو سوچنے پر مجبور کریں اور سماج پر اثر ڈالیں۔ اگر آج کے پاکستان پر نظر ڈالی جائے، تو ہمیں یہاں بھی ایسے لوگ نظر تو آتے ہیں، مگر اُنہیں ناانصافیوں کا شکار ہونا پڑتا ہے اور خود اُنہیں اپنی جان بچانی مشکل ہوجاتی ہے۔

اگر کوئی سماج اپنے نوجوان ترقّی پسند مفکّروں اور کارکنوں کو تنگ نظر انتہا پسندوں سے بچانے میں کام یاب رہے گا، تو اُمید بھی باقی رہے گی۔ یہ تنقیدی اور تخلیقی ذہن علم جمع کرتے ہیں اور اسے دیگر افراد کے لیے قابلِ فہم بناتے ہیں، جس سے نوجوان ذہنوں کی پیاس بُجھتی ہے۔گوداغ اور اس کے دوستوں نے بہت کم بجٹ والی فلمز کے ذریعے بڑے کارنامے انجام دیئے۔ اُنہوں نے فلم بندی کے روایتی قواعد و ضوابط توڑے، جو اُن کے پیش رَو قائم کر گئے تھے۔ اس طرح گوداغ اور اُس کے ساتھیوں نے نہ صرف فرینچ سنیما بلکہ دنیا بَھر میں فلم سازی کو متاثر کیا۔

غالباً گوداغ سے ملنے والا آخری سبق یہ ہے کہ روایات کو شک و شبے کی نظر سے دیکھے بغیر معاشرے کو تبدیل کرنے کا خواب نہیں دیکھا جاسکتا۔پاکستان جیسے معاشرے سوال اُٹھانے والوں کو زندہ رہنے کا حق دینے پر آمادہ نہیں اور اگر زندہ رہنے بھی دیتے ہیں، تو اُن پر قدغنیں بہت زیادہ ہیں۔ ترقّی پسند، روشن خیال لوگوں کو نشانہ بنایا جاتا ہےاور اِس عدم برداشت، رواداری کی کمی ہی سے معاشرے کے نوجوان تنگ نظر، انتہا پسند ہوتے جارہے ہیں، لیکن اگر ہم یہی غلطیاں دُہراتے، نیا راستہ دِکھانے والوں کو مارتے رہیں گے، تو ہم پاتال ہی کی طرف جاتے رہیں گے اور بدقسمتی سے یہی ہو رہا ہے۔