افشاں نوید
’’امّی! آپ کو نہیں لگتا کہ آج کل عورتوں کے خانگی مسائل کچھ زیادہ ہی بڑھ گئے ہیں؟‘‘بیٹی نے (جو ماشاءاللہ خُود تین بچّوں کی ماں ہے) موبائل ایک طرف رکھتے ہوئے سوال کیا۔ ’’مسائل تو شاید ہمیشہ سے تھے، البتہ اب خبریں زیادہ سامنے آنے لگی ہیں‘‘ مَیں نےجواب دیا۔ ’’آج کل سوشل میڈیا پر میچور عُمر کے معروف جوڑوں کی علیحدگی کے معاملات کتنے زیرِ بحث آرہے ہیں۔ پھر لوگ اپنے اپنے انداز میں تبصرے کرتے ہیں۔ کوئی عورت کو قصوروار ٹھہراتا ہے، کوئی مرد کو۔ لیکن اگر ایک عورت کی زندگی میں ایسا وقت آجائے کہ اُسے اپنے ازدواجی رشتے سے متعلق کوئی مشکل فیصلہ کرنا پڑے تو اس کے پاس کیا راستہ ہوتا ہے؟‘‘
مَیں نے بیٹی کی بات توجہ سے سُنی۔ ’’تم نے ایک بہت اہم سوال اُٹھایا ہے۔ ہم اپنی بیٹیوں کی شادی کے لیے تو برسوں منصوبہ بندی کرتے ہیں۔ اچھا رشتہ، اچھا گھرانہ، جہیز، زیورات، تقریب، مہمانوں کی تواضع، لیکن ہم کبھی یہ سوچتے ہیں کہ شادی کے بعد خدانخواستہ اگر زندگی میں کوئی بڑا بحران آ گیا تو ہماری بیٹی کے پاس کیا ہوگا؟‘‘ ’’امّی! آپ کا مطلب ہے کہ والدین بیٹیوں کے نام جائیداد کریں؟‘‘ ’’کیوں نہیں، اگر صاحبِ حیثیت ہوں تو؟
بیٹی کو جہیز دینے کے بجائے اس کے مستقبل کی معاشی سلامتی سے متلعق سوچنا چاہیے۔ مَیں تو سمجھتی ہوں کہ اگراستطاعت ہو تو بیٹی کے نام گھر یا کوئی مستقل اثاثہ، اس کے لیے بہترین تحفہ ہوسکتا ہے۔ ساس، بہو کے جھگڑوں کا بھی یہ بہترین حل ہے۔‘‘ بات کرتے ہوئے میری نگاہ سامنے کی دیواروں پر پڑی۔ یہ وہی گھر تھا، جس کا ہم نے برسوں پہلے خواب دیکھا تھا۔ میرے شوہر کو جب پینشن ملی تو انہوں نے ایک پلاٹ پر تین گھر تعمیر کروائے۔
دو بیٹیوں کے لیے، ایک اپنے لیے۔ اس خواب میں میری سلائی کی کمائی بھی شامل تھی۔ مَیں نے برسوں تھوڑی تھوڑی رقم جمع کی تھی۔ اور پھر شوہر کی پینشن نے اس خواب کو حقیقت کا رُوپ دے دیا۔ بچیوں نے اپنے اپنے گھر کرائے پر دے رکھے ہیں۔ جب بھی ان گھروں کو دیکھتی ہوں تو دل میں شُکر کا احساس جاگتا ہے۔ ایک باپ نے اپنی زندگی کی جمع پونجی سے اپنی اولاد کو ایسا تحفہ دیا، جو اُس کے لیے مستقل معاشی سہارا بن گیا۔
’’امّی! لیکن ہر باپ کے تو اتنی استطاعت نہیں ہوتی۔‘‘’’بالکل نہیں ہوتی۔ مَیں ہر باپ سے تین گھر بنانے کی توقع نہیں رکھتی۔ سوال استطاعت کا نہیں، ترجیحات اورمنصوبہ بندی کا ہے۔ کوئی چھوٹا سا اثاثہ، کوئی بچت، کوئی کاروبار یا بیٹی کے نام مناسب سرمایہ کاری بھی اُس کے مستقبل کی بنیاد بن سکتی ہے۔ سب سے اہم بات یہ ہےکہ بیٹی کو اس کے شرعی وراثتی حق سے بھی محروم نہ کیا جائے۔
تم سمجھتی ہو، جن صاحبِ حیثیت لوگوں کے ہزاروں گز پر مشتمل گھر ہیں، انہوں نے یہ سوچا ہوگا کہ ایک چھوٹا گھر بیٹی کے نام بھی کیا جائے‘‘۔ ’’لیکن امی! کیا اس طرح کی باتیں اور خُودمختاری عورت کو شوہر پر رعب جمانے کی ترغیب نہیں دے گی؟‘‘ مَیں نے مُسکرا کر اُس کی طرف کہا۔ ’’یہی تو ہمارے معاشرے کی جاہلانہ سوچ ہے۔ عورت کو معاشی طور پر مضبوط کرنے کی بات کرو، تو فوراً سوال اٹھتا ہے کہ کیا تم اُسے گھر توڑنے کی ترغیب دے رہی ہو؟ بھئی، گھر توڑنے اور عورت کو تحفّظ دینے میں بہت فرق ہے۔
معاشی خُودمختاری کا مطلب رشتوں سے بغاوت نہیں، بلکہ مجبوری کے بغیر اعتماد سے، سر اُٹھا کر رشتے نبھانےکی صلاحیت ہے۔‘‘ یہ کہتے ہوئے مجھے اپنی ایک جاننے والی خاتون یاد آئیں۔ اُن کے شوہر کے معاشقوں کی خبریں وقفے وقفے سے سامنے آتی رہتی ہیں۔ وہ شدید ذہنی اذیت میں مبتلا ہیں، لیکن علیحدگی کا فیصلہ نہیں کر پاتیں۔ وجہ یہ ہے کہ شوہر اُنہیں دھمکی دیتے ہیں کہ گھر میرے نام ہے، تمہیں اور بچّوں کو نکال باہر کروں گا۔ اُن کی ایک بیٹی امریکا میں ہے۔
ماں کی تکلیف دیکھ کر روتی ہے، مگر کچھ نہیں کر سکتی۔ ایک اور خاتون سے ملاقات ہوئی۔ اُنہوں نے تیس برس کی ازدواجی زندگی کے بعد علیحدگی اختیار کی تھی۔ مَیں نے وجہ پوچھی۔ کہنے لگیں۔ ’’والد کے انتقال کے بعد جو وراثت ملی، اُس نے مجھے اتنا حوصلہ دیا کہ اب اگر شوہر سے خلاصی بھی لےلوں تو معاشی مسئلہ نہیں ہوگا۔ مَیں چاروں بچّوں کی کفالت کر لوں گی۔‘‘ اُن کے یہ الفاظ میرے ذہن میں چپک کر رہ گئے۔ ایک عورت کےلیےباپ کی وراثت، محض جائیداد کا حصّہ نہیں تھی، وہ اس کے لیے فیصلہ کرنے کی آزادی اور خُود اعتمادی کا ذریعہ بن گئی تھی۔
’’امی! کیا شادی کے بعد شوہر کی ذمّےداری نہیں کہ بیوی اور بچّوں کی کفالت کرے؟‘‘ ’’یقیناً یہ ذمّےداری اپنی جگہ اہم ہے۔ لیکن سماجی زندگی میں ہم دیکھتے ہیں کہ اکثر مرد علیحدگی کے بعد بچّوں کی کفالت سے بھی پہلوتہی کرتے ہیں۔ بعض اوقات دوسری شادی اور نئی زندگی کی مصروفیات میں پہلی بیوی کے بچّوں کی ضروریات پس منظر میں چلی جاتی ہیں۔
ایسے حالات میں ماں کے لیے زندگی کتنی مشکل ہوجاتی ہے، اس کا اندازہ وہی عورت لگا سکتی ہے، جس پر یہ وقت گزرا ہو۔‘‘ ’’تو کیا ان نامساعد حالات میں عورت کو اپنے پیروں پر کھڑا نہیں ہونا چاہیے؟‘‘ ’’کیوں نہیں! مگر اس کا مطلب یہ بھی نہیں کہ ہر عورت ملازمت کرے یا ہر گھر میں میاں بیوی اپنی اپنی الگ معاشی دنیا بنا لیں۔
عورت گھر سنبھالتی ہے، بچّوں کی پرورش کرتی ہے، شوہر کے ساتھ زندگی کی ذمّےداریاں بانٹتی ہے۔ یہ سب اپنی جگہ بہت قیمتی ہے۔ لیکن اس کے نام کوئی اثاثہ ہونا، اس کی بچت ہونا، اسے وراثت میں پورا حصّہ ملنا اور مالی معاملات کی سمجھ بوجھ ہونا بھی بہت ضروری ہے۔‘‘ مَیں نے ذرا توقف کیا اور کہا۔ ’’دیکھو، عورت کا معاشی طور پر مضبوط ہونا صرف اُس کے لیے نہیں، اس کے شوہر اور پورے خاندان کے لیے بھی آسودگی کا باعث ہو سکتا ہے۔
بیماری، بے روزگاری، کاروباری نقصان یا کسی دوسرے بحران میں وہ اپنے شوہر کا ہاتھ بٹا سکتی ہے۔ گھر کےمشکل حالات میں بچّوں کو سنبھال سکتی ہے۔ یہ معاشی طاقت خاندان کو بکھرنے سے بچانے میں بھی مدد دے سکتی ہے۔‘‘ بیٹی خاموشی سے میری بات سُنتی رہی۔ ’’امّی! تو پھر آپ کےخیال میں بیٹی کو وقتِ رخصتی کیا تحفہ دینا چاہیے؟‘‘ مَیں نےکہا۔ ’’محبت، اچھی تربیت، دین کا شعور، تعلیم، خُود اعتمادی اور معاشی تحفّظ۔ یہ سب ایک دوسرے کے متبادل نہیں بلکہ ایک دوسرے کی تکمیل ہیں۔
ایک بیٹی رشتوں کا احترام اپنی ماں سے سیکھتی ہے۔ اگر ماں نے ساری زندگی سُسرالی رشتوں سے کپٹ رکھی ہوگی، تو لاکھ نصیحتیں بھی بےکار ہیں۔ اولاد والدین کا عکس ہوتی ہے۔ البتہ بیٹی کو یہ احساس ضرور دینا چاہیے کہ میکہ زندگی کے کسی بھی بحرانی موڑ پر اس کو تنہا نہیں چھوڑے گا۔ اُسے اپنے والدین کے گھر سے وابستگی اور اپنائیت محسوس ہونی چاہیے۔‘‘
مجھے خیال آیا کہ ہم بیٹیوں کی شادی کے موقعے پر اُن کے لیے ڈھیروں سامان جمع کرتے ہیں۔ کبھی یہ نہیں سوچتے کہ اسی رقم سے ان کے نام کوئی چھوٹا سا اثاثہ بھی بنایا جا سکتا تھا۔ ایسا اثاثہ، جو وقت گزرنے کے ساتھ ان کے لیے سہارا بنتا۔ اسلام نے عورت کو وراثت میں حصّہ دیا ہے۔
اُسے اپنی ملکیت رکھنے اور اس میں تصرّف کرنے کا حق دیا ہے۔ پھر ہم کون ہوتے ہیں، جو بیٹی کو اُس کے حق سے محروم رکھیں یا اُسے یہ باور کروائیں کہ شادی کے بعد اس کی ہر معاشی ضرورت شوہر کے رحم و کرم پر ہے، چاہے شوہر کتنا ہی مجبور ہو؟ خاندان صرف ایک چھت کے نیچے رہنے والے افراد کا نام نہیں۔
خاندان محبّت، احترام، ذمّےداری اور باہمی تحفّظ کا نام ہے۔ اگر کسی وجہ سے میاں بیوی الگ بھی ہو جائیں تو ان کے بچّے خاندان کا حصّہ رہتے ہیں۔ ایسی صُورت میں معاشی طور پرمضبوط ماں، بچّوں کو سنبھالنے اور ان کی زندگی معمول پر رکھنے میں زیادہ بہترکردار ادا کرسکتی ہے۔ اگرچہ اس صُورت میں باپ کی ذمّےداری کم نہیں ہوجاتی، لیکن یہاں گنگا الٹی ہی بہتی دیکھی، خوف خدا کم ہی پایا۔
میرے نزدیک خاندانی استحکام کا مطلب یہ نہیں کہ عورت ہر ظلم اور ناانصافی خاموشی سے برداشت کرتی رہے، صرف اس لیے کہ اس کے پاس اپنا کوئی ٹھکانہ نہیں، کوئی ذریعۂ آمدن نہیں اور بچّوں کو پالنے کا کوئی انتظام نہیں۔
بیٹی کو حسبِ استطاعت جائیداد دینا شوہر کے خلاف کھڑا کرنا نہیں، بلکہ اُسے زندگی کے کسی بھی بحران میں بے گھر اور بے سہارا ہونے سے بچانا ہے۔ شاید اب وقت آ گیا ہے کہ ہم بیٹیوں کی شادی کے بجٹ میں ایک نئی مد بھی شامل کریں۔’’محفوظ مستقبل کی منصوبہ بندی‘‘، کیوں کہ بیٹی کو صرف رخصت نہیں کرنا، اُسے زندگی بھر کے لیے مضبوط بھی بنانا ہے۔