• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلوبل وارمنگ کا عفریت اور بےبس انسانیت

دُنیا آج سب سے بڑی اور خطرناک جنگ ’’قدرتی آفات‘‘ کے خلاف لڑ رہی ہے۔ آج ماحولیاتی تبدیلیاں انسانیت کی بقا کو درپیش سب سے بڑا چیلنج بن چُکی ہیں۔ اب کرّۂ ارض اور انسانیت کو بچانے کے لیے فوری عملی اقدمات کی اشد ضرورت ہے، کیوں کہ اس ضمن میں پہلے ہی خاصی تاخیر ہو چُکی ہے۔ گزشتہ دِنوں تُرکیہ کے شہر، انطالیہ میں منعقد ہونے والی یواین کلائمیٹ چینج کانفرنس،’’کوپ- 31‘‘ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے کی جانے والی کوششوں کی ایک کڑی تھی۔

بدقسمتی سے آج مختلف ممالک اپنے مفادات کی خاطر گوناگوں تنازعات، محاذ آرائیوں اورجنگوں میں اُلجھےہوئے ہیں اور اس کے نتیجے میں اَن گنت قیمتی انسانی جانوں کا زیاں ہو رہا ہے لیکن انہیں شاید یہ اندازہ نہیں کہ جس اصل مسئلے سے وہ برسوں سے نبرد آزما ہیں، مستقبل میں پوری عالمِ انسانیت پر اُس کے انتہائی تباہ کُن اثرات مرتّب ہوں گے۔ آج گلوبل وارمنگ کے نتیجے میں موسمیاتی تبدیلیوں کے منفی اثرات موسموں کی شدّت، بے وقت کی موسلادھار بارشوں، خطرناک طوفانوں، گلیشیئرز پگھلنے اور سیلابوں کی صُورت انسانوں کو بُھگتنا پڑ رہے ہیں اور ان کے تدارک کے ضمن میں وہ خاصی حد تک بےبس نظر آتے ہیں۔

ترقّی یافتہ ممالک تو اپنے وسائل اور سرمائے کی مدد سے کسی نہ کسی طرح ان چیلنجز سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں، لیکن ترقّی پذیر اور غریب ممالک کے لیے یہ صُورتِ حال ایک ایسا گھاؤ بن چُکی ہے کہ جس کی شدّت اور تکلیف میں ہر گزرتے دن کےساتھ اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔

موسمیاتی تبدیلیاں غریب ممالک کے کروڑوں باشندوں کی بقا کا مسئلہ بن چُکی ہیں، جب کہ پاکستان جیسے ممالک کے لیے یہ ایک ایسے چیلنج کا رُوپ دھار چُکی ہیں کہ جس میں یہ اہم نہیں کہ موسمیاتی تبدیلیاں رُونما ہو رہی ہیں بلکہ یہ اَمر اہمیت کا حامل ہے کہ دُنیا مستقبل میں کسی قدرتی آفت سے نمٹنے کے لیے عملی اقدامات کرنے پر آمادہ بھی ہے یا نہیں۔

موسمیاتی تبدیلیوں پر قابو پانے کے لیے اب تک 31 کانفرنسز ہوچُکی ہیں لیکن ان بیٹھکوں میں ہونے والے وعدوں اور معاہدوں پر اس لیے عمل درآمد نہیں ہو پایا کہ ترقّی یافتہ اور دولت مند ممالک یقین دہانیوں کے باوجود ترقّی پذیر ممالک کو ٹیکنالوجی میں مدد فراہم کرتے ہیں اور نہ ہی انہیں فنڈز دیے جاتے ہیں، جس کا ان کانفرنسز میں وعدے وعید بڑے زور و شور سے کیا جاتا ہے۔

گلوبل وارمنگ اور ماحولیاتی تبدیلیاں کسی ایک مُلک یا خطّے کا مسئلہ نہیں بلکہ آج ساری دُنیا ہی اس عفریت کی لپیٹ میں ہے۔ یوں سمجھ لیجیے کہ یہ کورونا جیسی عالم گیر وبا ہے، لیکن اس کی کوئی مخصوص ویکسین نہیں بلکہ اس پر قابو پانے کے لیے پوری انسانیت کو اجتماعی کوششوں کی ضرورت ہے۔ اب پانی تیزی سے سَر سے اونچا ہوتا جا رہا ہے اور پوری دُنیا کو گلوبل وارمنگ کے شدید ترین منفی اثرات بُھگتنے پڑ رہے ہیں۔ ہر سال بڑھتا درجۂ حرارت، غیر متوقّع بارشیں، تیزی سے پگھلتے گلیشیئرز، طویل خُشک سالی، تباہ کُن سیلاب اور سمندری طوفان جگہ جگہ تباہی پھیلا رہے ہیں۔

اسے قدرت کی ستم ظریفی کہیے یا انسانوں کی خُود غرضی کہ جن ممالک نے گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں سب سے کم حصّہ ڈالا، وہی ان کے نتیجے میں ہونے والی تباہ کاریوں کا سب سے زیادہ نشانہ بن رہے ہیں۔ مثال کے طور پر عالمی پیمانے پر گرین ہاؤس گیسز کے اخراج میں پاکستان کا حصّہ ایک فی صد سے بھی کم ہے، لیکن اس کے باوجود ہمارے معاشی طور پر کم زور مُلک کا شمار سب سے زیادہ خطرات سے دوچار ممالک میں ہوتا ہے۔

پاکستان میں 2022ء میں آنے والے تباہ کُن سیلاب کے نتیجے میں 3.5 لاکھ سے زائد افراد بےگھر، جب کہ ہزاروں مکانات زمیں بوس ہوئے۔ نیز، گزشتہ برس مون سون سیزن کے دوران آنے والے سیلاب کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد ہلاک ہوئے۔

مذکورہ بالا اعداد و شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان قدرتی آفات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار نہیں اور اس کا بنیادی سبب کم زور معیشت ہے۔ قدرتی آفات کے نقصانات کم کرنے کے لیے پاکستان کو بڑے پیمانے پرامداد کی ضرورت ہے، کیوں کہ جب تک پاکستان کی جانب سے قدرتی آفات سے ہونے والی تباہی پر قابو پانے کے لیے مسلسل اقدامات نہیں کیے جاتے، اُس وقت تک یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

دوسری جانب اس بات میں بھی کوئی شک نہیں کہ پاکستان کو جہاں عالمی سطح پر امداد اور ٹیکنالوجی کی عدم فراہمی کا سامنا ہے، وہیں اندورنِ مُلک موسمیاتی تبدیلیوں کا ذکر تو بہت کیا جاتا ہے لیکن ان پر قابو پانے کےلیے کچھ خاص سنجیدہ کوششیں نہیں کی جاتیں۔ اقتصادی جائزے کے مطابق، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والی تباہ کاریوں کی وجہ سے پاکستان کو مجموعی طور پر 822ارب روپے کا نقصان ہوا، تو ایسے میں تعمیر و ترقّی کے بارے میں سوچنا کیسے ممکن ہے؟

مذکورہ بالا اعداد وشمار محض معاشی نقصان کا اظہار نہیں کرتے بلکہ اس میں ایک انسانی المیہ بھی پنہاں ہے، کیوں کہ ان قدرتی آفات کے نتیجے میں لاکھوں افراد بے گھر ہوئے، جن میں سے بیش تر ہنوز دربدر اور اپنےمستقبل کے ضمن میں بے یقینی کا شکار ہیں۔ متاثرہ افراد میں وہ کسان بھی شامل ہیں کہ جن کی تیار فصلیں تباہ ہوگئیں، جس نے اُن کی کمر توڑ کر رکھ دی اور لاکھوں بچّوں کا تعلیمی سلسلہ بھی منقطع ہوگیا۔ واضح رہے، یہ کسی ایک مُلک کی کہانی نہیں بلکہ درجنوں متاثرہ ممالک اس صُورتِ حال کا شکار ہیں۔

اقوامِ متّحدہ کے زیرِاہتمام تُرکیہ کے شہر، انطالیہ میں9نومبر سے20نومبر تک منعقد ہونے والی ’’کوپ 31کلائمیٹ کانفرنس‘‘ میں سربراہانِ حکومت، متعلقہ اداروں اور ماہرین نے شرکت کی۔ اس کانفرنس میں وہ اہداف حاصل کرنے کے عملی اقدامات کا جائزہ لیا گیا کہ جو پیرس کانفرنس میں طے کیے گئے تھے۔ دِل چسپ بات یہ ہے کہ اُس وقت یہ تفریق نہیں تھی کہ کون سا مُلک ترقّی یافتہ ہے اور کون سا ترقّی پذیر بلکہ اقوامِ عالم کی جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کرّۂ ارض کے درجۂ حرارت کو 1.5ڈگری سے زیادہ کسی صُورت بھی نہیں بڑھنے دیا جائے گا۔

ترقّی پذیر ممالک کے لیے مو سمیاتی تبدیلیاں اُن کی بقا کا مسئلہ ہیں، جب کہ ترقّی یافتہ ممالک کو گیس کے اخراج میں کمی لانی ہے اور ایسا حل ڈھونڈنا ہے کہ جس سے فاسل فیولز کو خیرباد کہنے کے بعد بھی ان کی ترقّی کی رفتار میں کمی نہ آئے، نیز انہیں ترقّی پذیر ممالک کو فنڈز بھی فراہم کرنے ہیں کہ وہ اس عفریت کا مقابلہ کرسکیں، وگرنہ زمین کی بقا ہی کو خطرات لاحق ہوجائیں گے۔ واضح رہے،گلوبل وارمنگ پر قابو پانے کا یہ معیار نہیں کہ اس ضمن میں کتنی کانفرنسز منعقد ہوئیں بلکہ وہ عملی اقدامات اہم ہیں کہ جن کی مدد سے طے شُدہ اہداف حاصل کیے جا سکیں۔

یہاں یہ سوال پیدا ہوتا ہے کہ وہ کون سے اقدامات ہیں کہ جن کے ذریعے فوری طور پر دُنیا بَھر کو موسمیاتی تبدیلیوں سے ہونے والی تباہی سے تحفّظ فراہم کیا جا سکتا ہے۔ سب سے پہلے تو یہ بتانا مناسب ہوگا کہ مختلف ممالک کے پاس موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کا میکینزم موجود ہے، لیکن ضرورت اس اَمر کی ہے کہ اسے جدید اور مربوط بنایا جائے۔

اس ضمن میں سب سے پہلے پیشگی اطلاع کے نظام کو مزید بہتر بنانا ہوگا اور اسے ایک عالمی نیٹ ورک کے طور پر پوری دُنیا میں پھیلانا ہوگا، کیوں کہ سیلاب یا شدید گرمی کی لہر کے بروقت انتباہ سے لاکھوں انسانی جانوں کے زیاں کو روکا جا سکتا ہے۔ اس ضمن میں حکومتوں کو قبل از وقت وارننگ کے نظام، ہنگامی پناہ گاہوں اور انخلاء کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کرنی چاہیے۔

اس دوران اشیائے خورونوش کی فراہمی اور سسٹم کو کرپشن سے بچانے کا خاص خیال رکھنا ہوگا۔ قدرتی آفات کی پیشگی اطلاع یا وارننگ اس قدر آسان اور مؤثر زبان میں دینی چاہیے کہ شہری اور دُور دراز دیہات کے مکین بھی اسے بہ آسانی سمجھ سکیں۔ ہنگامی اقدامات میں مقامی آبادی کو شریک کرنا ضروری ہے، کیوں کہ وہی متاثرہ طبقہ ہوتا ہے اور وہ جس تن دہی اور لگن سے یہ کام کرے گا، کوئی اور نہیں کر سکتا کہ اس کی جان پر بنی ہوتی ہے۔ علاوہ ازیں، بنیادی ڈھانچا اور ٹاؤن پلاننگ بھی اہم ترین عناصر ہیں۔ سڑکیں، نکاسیٔ آب کا نظام، پُل اوراسپتال اس انداز سے تعمیر کیے جانے چاہئیں کہ یہ قدرتی آفات کا مقابلہ کر سکیں۔

آج پاکستان کے بڑے شہر، آبادی کے دباؤ کی وجہ سے کنکریٹ کے جنگل میں تبدیل ہوچُکے ہیں۔ ڈیولپرز کو چاہیے کہ وہ ایسے مکانات تعمیر کریں کہ جن کے سبب قدرتی آفات میں کم سے کم نقصان ہو۔ اس کے علاوہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں۔ کنسٹرکشن کمپنیز کو، جو خُوب صُورت گھروں اور آسان قرضے کی اسکیمز کے ذریعے عوام کو بلند معیارِ زندگی کے خواب دکھاتی ہیں، اس بات پر مجبور کیا جائے کہ وہ ماحول کو بہتر بنانے اور عوام میں اس کا شعور بےدار کرنے کے لیے خاطر خواہ سرمایہ کاری کریں۔ آج کراچی کا حال سب کے سامنے ہے۔

بیش تر مقامات پر دُور دُور تک تبرّک کے طور پر بھی کوئی درخت یا گرین اسپیس نظر نہیں آتی۔ فارم ہاؤسز اور واٹر پارکس اس مسئلے کا حل نہیں بلکہ ہر سڑک، بازار اور رہائشی مقامات میں ہریالی کا ہونا ازحد ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے ایک عام شہری میں معیارِ زندگی کا یہ تصوّر ہونا چاہیے کہ صرف عالی شان گھروں اور سہولتوں سے آراستہ ہاؤسنگ سوسائٹیز میں رہنے سے ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ نہیں کیا جا سکتا۔

اس کے ساتھ ہی صحت کے نظام پر بھی خصوصی توجّہ دینے کی ضرورت ہے۔ شدید گرمی نے گرم ممالک کے شہریوں کو پریشانی سے دوچار کردیا ہے۔ بجلی کے ناقابلِ برداشت بِلز، کام کرنے کی صلاحیت میں کمی، پانی کی قلّت اور خُشک سالی کے انسانی صحت پر بھی نہایت تباہ کُن اثرات مرتّب ہو رہے ہیں۔ گرم ممالک میں تو گرمی معمول کا موسم ہے لیکن اب یورپ کے شدید سرد ممالک میں بھی جب درجۂ حرارت پچاس ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کرتا ہے، تو شہری حواس باختہ ہو جاتے ہیں۔

تاہم، ان ممالک میں اچّھی خاصی ہریالی ہے اور پھر سردی کے علاوہ بارش کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے، نیز اُن کا نظامِ صحت بھی جدید خطوط پر استوار ہےاور آبادی بھی کم ہے، جب کہ ترقّی پذیر ممالک میں، جہاں پہلے ہی شدید گرمی پڑتی ہے اور صحت کا نظام بھی تسلی بخش نہیں، موسمیاتی تبدیلی تباہ کُن اثرات مرتّب کر رہی ہے۔

دوسری جانب ایران اور یوکرین کی جنگوں نے توانائی کی قیمتوں کو اس قدر بلند سطح پر پہنچا دیا ہے کہ پہلے ایک عام آدمی ایسی گرانی کا سوچ بھی نہیں سکتا تھا۔ ایسی صُورتِ حال میں ضروری ہے کہ کلائمیٹ کانفرنسز میں ترقّی پذیر ممالک کے نظامِ صحت کو جدید بنانے کے لیے خصوصی فنڈز مختص کیے جائیں تاکہ شہریوں کے لیے کم از کم زندگی گزارنا تو ممکن ہو جائے۔

گلوبل وارمنگ اور موسمیاتی تبدیلوں کے تدارک کے لیے توانائی کے صاف ذرائع کی جانب تیز رفتار منتقلی سب سے اہم ہے۔ اس ضمن میں بالخصوص پاکستان کو بہت زیادہ کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اس وقت چینی ساختہ سولر پینلز سے مارکیٹس بَھری پڑی ہیں اور کھپت بڑھنے کے ساتھ ان کی قیمتیں بھی کم ہورہی ہیں۔ مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی کے دوران جب آبنائے ہرمز کی بندش کے سبب پاکستان میں تیل کی ترسیل مشکل ہوگئی، تو کم و بیش ہر گھر میں نصب سولر پینلز نے توانائی کی کمی پوری کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

پاکستان میں ٹرانس پورٹ کے شُعبے میں فاسل فیولز کا استعمال بہت زیادہ ہے اور اسے ہر صُورت میں برقی گاڑیوں کے ذریعے کم کرنا ہوگا۔ اسی طریقے سے پاکستان کے آلودگی اور اسموگ جیسے مسائل کو، جن کا لاہور اور کراچی جیسے بڑے شہروں کو سامنا ہے، کم کرنے میں مدد ملے گی۔ یاد رہے، فضائی آلودگی صرف اسموگ کو جنم نہیں دیتی بلکہ اس کا براہِ راست تعلق سانس کی بیماریوں سے بھی ہے۔ اس لیے جتنی جلدی ممکن ہو سکے، توانائی کے متبادل ذرائع سے استفادہ کیا جانا چاہیے۔

ہمیں یہ بھی یاد رکھنا چاہیے کہ پاکستان جیسے پس ماندہ ممالک تنہا موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ اس ضمن میں عالمی برداری کا تعاون بےحد ضروری ہے۔ البتہ قومی سطح پر پر جو کام حکومت اور عوام مل کے کرسکتے ہیں، وہ تیزی سے بڑھتی آبادی پر قابو پانا ہے۔ پچھلی چند دہائیوں میں جس رفتار سے پاکستان اور دیگر ترقی پذیر ممالک میں آبادی میں اضافہ ہوا ہے، اس نے وسائل کی کمی کے سنگین مسئلے کو عیاں کردیا ہے۔ دوسری جانب اگر خوراک اوردیگر وسائل کی پیداوار بڑھتی بھی ہے، تو آبادی میں تیز رفتار اضافے کے سبب یہ بے وقعت ہوجاتی ہے۔

یہ عمل نہ صرف انفرادی طور پر تکلیف کا باعث ہے بلکہ ایک قومی بُحران کی شکل بھی اختیار کر گیا ہے۔ آبادی میں تیزی سے اضافے کےسبب ہی بے روزگاری، علاج معالجے کی ناکافی سہولتوں، قلتِ آب اور رہائش گاہوں کی کمی سمیت دیگر مسائل سَر اٹھا رہے ہیں۔ ایک جانب وقت گزرنے کے ساتھ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سنگین ہوتےجارہے ہیں، تو دوسری جانب آبادی میں بےتحاشا اضافہ انہیں مزید مشکل بنا رہا ہے۔ وسائل کی کمی کا سامنا توہے ہی، مُلک میں سیاسی عدم استحکام اورعمومی بے چینی بھی بڑھ رہی ہے۔

اگر غور کیا جائے، تو موسمیاتی تبدیلیاں خود حضرتِ انسان ہی کی پیدا کردہ ہیں۔ بالخصوص ترقّی یافتہ ممالک میں ترقّی کے نام پر ایسے اقدامات کیے گئے کہ جن کی وجہ سے فاسل فیولز کے استعمال میں اضافہ ہوا اور یقیناً ان کے زہریلے اثرات بالآخر ایک روز بلند معیارِ زندگی بہت نیچے لے آئیں گے۔ لیکن، اب یہ جو کچھ خُود انسان نے کیا ہے، اس کا حل بھی اسے خُود ہی نکالنا پڑے گا۔

خوش قسمتی سے پچھلی چند دہائیوں کے دوران ٹیکنالوجی کے ہر شُعبے میں غیر معمولی ترقّی ہوئی ہے اور بالخصوص صحت کے شُعبے میں ایسے کارہائے نمایاں انجام دیے گئے کہ جن کا پہلے تصوّر بھی نہیں کیا جا سکتا تھا۔ تاہم، اصل مسئلہ مفادات کا ٹکرائو ہے۔

اگر دُنیا بَھر کے انسان اپنی دھرتی بچانےکےلیےیک جا ہوجائیں اور جنگوں اور تنازعات کی بجائے باہمی تعاون کو فروغ دیں، تو نہ صرف موسمیاتی تبدیلیاں بلکہ دیگرپیچیدہ مسائل کا مقابلہ کرنا بھی کوئی بہت مشکل امرنہیں۔

سنڈے میگزین سے مزید