انسانی تہذیب نے اپنے ہزاروں برس کے سفر میں علم، سائنس، فلسفے اور قانون کے میدان میں غیرمعمولی ترقّی کی ہے۔ اس دوران انسان نے سمندروں کی گہرائیوں سے لے کر خلا کی وُسعتوں تک اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا اور انسانی حقوق کے تحفّظ کے لیے عالمی معاہدے تشکیل دیے لیکن اس تمام تر ترقّی اور پیش رفت کے باوجود ایک تلخ حقیقت آج بھی ہمارے اجتماعی ضمیر کو جھنجھوڑتی ہے۔
عورت… جو زندگی کی تخلیق، خاندان کی تشکیل اورمعاشرے کی تعمیر میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے، اب بھی تشدّد، استحصال اور ناانصافی کا سامنا کر رہی ہے۔ اِسے کبھی جنگی فتوحات کا انعام سمجھا گیا، کبھی دُشمن کو ذلیل کرنے کا ذریعہ بنایا گیا، کبھی گھریلو تشدّد کا نشانہ بنایا گیا، تو کبھی اس کی خاموشی کو رضامندی تصوّر کر لیا گیا۔
خواتین پر تشدّد کسی ایک مُلک، مذہب، تہذیب یا طبقے کا مسئلہ نہیں بلکہ ایک عالمی انسانی المیہ ہے، جس کی جڑیں تاریخ میں پیوست ہیں اور جس کی نئی صُورتیں آج ڈیجیٹل ورلڈ تک پھیل چُکی ہیں۔ اسی حقیقت کی یاد دہانی کے لیے ہر سال 25 نومبر کو ’’خواتین پر تشدّد کے خاتمے کا عالمی دن‘‘ منایا جاتا ہے۔ یہ دن محض ایک رسمی یادگار نہیں بلکہ دُنیا بَھرکےمعاشروں سے ایک سوال ہے کہ خواتین کو تشدّد سے محفوظ رکھنے کے وعدے حقیقت کا رُوپ کب دھاریں گے؟
تاریخ کے اوراق میں عورت کی بے حرمتی: تاریخ کا مطالعہ بتاتا ہے کہ جنگوں کے دوران خواتین کو نشانہ بنانے کی روایت مختلف تہذیبوں میں موجود رہی ہے۔ فاتح افواج شکست خوردہ علاقوں کے باشندوں کو قتل کرنے اور قیدی و غلام بنانے کے علاوہ خواتین اور بچّوں کو بھی اپنی تحویل میں لے لیتی تھیں۔ بعض معاشروں میں مفتوحہ علاقوں کی خواتین کو غلاموں کی منڈیوں میں فروخت کیا جاتا، انہیں جبری مشقّت پرمجبور کیا جاتا اور ان کی مرضی کے برعکس انہیں جنسی استحصال کا نشانہ بھی بنایا جاتا رہا ہے۔
جب جنسی تشدّد جنگی ہتھیار بنا: 1992ء سے 1995ء تک جاری رہنے والی بوسنیا کی جنگ جدید تاریخ کی ان ہول ناک مثالوں میں شامل ہے، جن میں جنسی تشدّد کو منظّم انداز میں استعمال کیا گیا۔ اس دوران متعدد خواتین اور لڑکیوں کو قید کر کے زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ بعض مقامات پر حراستی مراکز میں خواتین کو مسلسل تشدّد کا سامنا کرنا پڑا۔
بوسنیا کی جنگ کے بعد بین الاقوامی فوج داری ٹربیونل برائے سابق یوگوسلاویہ نے جنسی تشدّد کےمتعدد مقدمات کی سماعت کی اور اس کے نتیجے میں سامنے آنے والے عدالتی فیصلوں نے اس اصول کو تقویّت بخشی کہ عِصمت دری اور دیگر جنسی جرائم، حالات اور قانونی عناصر کے مطابق، جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں آ سکتے ہیں۔
اِسی طرح 1994ء میں روانڈا کی نسل کُشی کے دوران بھی خواتین اور لڑکیوں کو بڑے پیمانے پر جنسی تشدّد کا نشانہ بنایا گیا اور بعد ازاں بین الاقوامی فوج داری ٹربیونل برائے روانڈا نے اپنے اہم فیصلوں کے ذریعے واضح کیا کہ مخصوص حالات میں جنسی تشدّد نسل کُشی کے جُرم کا حصّہ بن سکتا ہے۔ یہ مثالیں بتاتی ہیں کہ جنگ میں عورت کو تشدّد کا نشانہ بنانا محض انفرادی جرم نہیں رہتا بلکہ پوری آبادی کو خوف زدہ کرنے اور معاشرتی ڈھانچے کو تباہ کرنے کا ذریعہ بن سکتا ہے۔
طویل عالمی تنازعات میں گِھری عورت: مقبوضہ کشمیر، افغانستان اور فلسطین کے طویل تنازعات نے خواتین کی زندگیوں کو شدید متاثر کیا ہے۔ ان علاقوں میں تشدّد، عدم تحفّظ، جبری نقل مکانی اور بنیادی سہولتوں کی کمی نے ان کی مشکلات میں گوناگوں اضافہ کر دیا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی آبرو ریزی کے واقعات کئی دہائیوں سے انسانی حقوق کی بحث کا حصّہ رہے ہیں۔ 1991ء میں کونن پوش پورہ کے واقعے میں کشمیری خواتین نے بھارتی فوجیوں پر اجتماعی زیادتی کے الزامات عائد کیے تھے۔
یہ واقعہ آج بھی کشمیری تاریخ میں ایک دردناک باب کی حیثیت رکھتا ہے۔ اس معاملے میں متاثرین کے بیانات، تحقیقات اور انصاف کے حصول میں حائل رُکاوٹیں اہم سوالات اُٹھاتی ہیں۔ ایسے سنگین الزامات کی شفّاف تحقیقات اور متاثرین کو بِلاخوف انصاف کی فراہمی بنیادی انسانی حقوق کا تقاضا ہے۔ افغانستان میں کئی دہائیوں سے جاری جنگ اور سیاسی عدم استحکام نے خواتین کو متعدّد خطرات سے دوچار کیا ہے۔
یہاں مختلف ادوار میں مسلّح گروہوں کے ہاتھوں خواتین کے اِغوا، جبری شادیوں اور جنسی تشدّد کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں۔ تعلیم، روزگار اور عوامی زندگی میں خواتین کی شرکت پر پابندیوں نے بھی ان کی آزادی اور خُودمختاری کو محدود کیا ہے۔ جب خواتین کو تعلیم اور معاشی خُودمختاری سے محروم کر دیا جائے، تو ان کے لیےاستحصال کے خلاف آواز اٹھانا مزید مشکل ہو جاتا ہے۔
فلسطین میں دہائیوں سےجاری تنازعے نے خواتین اور بچّیوں کو شدید انسانی بُحران سے دوچار کر رکھا ہے۔ غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ بم باری، جبری نقل مکانی، رہائش گاہوں کی تباہی، خوراک کی قلّت اور طبّی سہولتوں کی کمی کے باعث خواتین کو غیرمعمولی مشکلات کا سامنا ہے۔
حاملہ خواتین، ماؤں، معذور خواتین اور بےگھرخاندانوں کی ضروریات جنگی حالات میں مزید پیچیدہ ہو جاتی ہیں۔ زیرِحراست فلسطینی خواتین کے ساتھ ناروا سلوک اور جنسی تشدّد کے الزامات کی غیر جانب دارانہ تحقیقات بھی ضروری ہیں۔
کانگو اور سوڈان: تشدّد کا غیر مختتم سلسلہ: جمہوریہ کانگو اور سوڈان میں مسلّح تنازعات کے دوران خواتین پر جنسی تشدّد کےمتعدد واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔ مسلّح گروہوں کی کارروائیاں، جبری نقل مکانی، معاشی محرومی اور کم زور قانونی نظام نے متاثرین کے لیے انصاف کا حصول دشوار بنائے رکھا۔
جب مجرموں کو سزا کا خوف نہ ہو، ادارے کم زور اور متاثرین کو تحفّظ حاصل نہ ہو، تو تشدّد کا سلسلہ مزید بڑھ جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ جنگ کے خاتمے کے ساتھ انصاف، بحالی اور سماجی قبولیت یقینی بنانا بھی ضروری ہے۔
قانونی پیش رفت اور انصاف کا نامکمل سفر: دوسری جنگِ عظیم کے بعد عالمی برادری نے جنگ کے دوران شہریوں کے تحفّظ کے لیے بین الاقوامی قوانین مضبوط بنانے کی کوشش کی۔ 1949ء کے جنیوا کنونشنز اوران کےاضافی پروٹوکولز نے مسلّح تنازعات میں انسانی وقار کے تحفّظ اور خواتین کو مخصوص اقسام کے تشدّد سے بچانے کے اصول وضع کیے۔
بعد ازاں، بین الاقوامی فوج داری عدالت کے قیام اوراس کے بنیادی قانونی معاہدے، روم اسٹیچیوٹ نے عِصمت دری، جنسی غلامی اور بعض دیگر جنسی جرائم کو مخصوص قانونی شرائط کے تحت جنگی جرائم یا انسانیت کے خلاف جرائم کے زمرے میں شامل کیا۔ تاہم، قانون سازی کے باوجود انصاف اورعملی صُورتِ حال کے درمیان فاصلہ موجود ہے۔ کئی متاثرین خوف، سماجی بدنامی، مالی مشکلات اور انتقامی کارروائی کےخدشے کے باعث شکایت درج نہیں کروا پاتے۔
بعض مقدّمات میں تحقیقات طویل ہوجاتی ہیں اور شواہد محفوظ نہ رہنے کے باعث انصاف کی راہ مزید دشوار ہو جاتی ہے۔ قانون کی موجودگی اُسی وقت ہی بامعنی ثابت ہوتی ہے کہ جب اُس پرمؤثر عمل درآمد ہو، ادارے غیر جانب دار ہوں اور متاثرین کو انصاف کے حصول کے لیے تنہا نہ چھوڑا جائے۔
25 نومبر…ایک دن، ایک عہد: خواتین پر تشدّد کے خاتمے کے عالمی دن کی بنیاد بھی جدوجہد اور قربانی سے جُڑی ہوئی ہے۔ 1960ء میں ڈومینیکن ری پبلک کی تین سیاسی کارکن بہنوں، پیٹریا، منروا اور ماریا ٹریسا میرا بال کو آمرانہ حکومت کے حُکم پر قتل کردیا گیا تھا۔ ان کی یاد میں خواتین کے حقوق کے کارکنوں نے 1981ء سے25 نومبر کو تشدّد کے خاتمے کی جدوجہد سے وابستہ کیا۔
بعد ازاں، اقوامِ متّحدہ کی جنرل اسمبلی نے 17دسمبر 1999ء کو قرارداد 54/134 کے ذریعے 25 نومبر کو باضابطہ طور پر خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن قرار دیا۔ اس دن کو منانے کا مقصد عوامی شعور بیدار کرنا، خواتین کے حقوق کے تحفّظ کے لیے مؤثر قوانین کی حمایت کرنا اور تشدّد کے خاتمے کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا ہے۔ علاوہ ازیں، ہر سال 25 نومبر سے 10 دسمبر تک صنفی بنیادوں پر تشدّد کے خلاف 16روزہ مُہم بھی چلائی جاتی ہے، جس کا اختتام انسانی حقوق کے عالمی دن پر ہوتا ہے۔
2026ء کی مُہم کا عنوان 2026:ء کی مُہم کا عنوان ہے، ’’خواتین اور لڑکیوں کے خلاف تشدّد ختم کرنے کے لیے متّحد ہوں: انصاف یقینی بنائیں، متاثرین کا تحفّظ کریں اور مجرموں کو جواب دہ بنائیں۔‘‘ یہ عنوان اس حقیقت کی نشان دہی کرتا ہے کہ صرف قوانین بنانا کافی نہیں؛ متاثرین کو تحفّظ، قانونی مدد اور انصاف تک حقیقی رسائی دینا بھی ضروری ہے۔
ڈیجیٹل دُنیا میں صنفی تشدّد کی نئی صُورتیں : اکیسویں صدی میں ٹیکنالوجی نے روابط، تعلیم اور معلومات تک رسائی کے بے شمار مواقع فراہم کیے ہیں، لیکن اس کے ساتھ ہی خواتین پر تشدّد کی نئی صُورتیں بھی سامنے آئی ہیں۔ آن لائن ہراسانی، سائبر تعاقب، نجی تصاویر کی غیر رضامندانہ تشہیر، مصنوعی ذہانت کے ذریعے جعلی تصاویر اور ویڈیوز تیار کرنا اور سوشل میڈیا پر کردار کُشی کی منظّم مہمّات خواتین کی ذہنی صحت، سماجی زندگی اور سلامتی کو متاثر کر سکتی ہیں۔
آن لائن تشدّد کو محض انٹرنیٹ پر ہونے والی بدتمیزی سمجھ کر نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ بسا اوقات یہ حقیقی دُنیا میں دھمکیوں، تعاقب اور جسمانی تشدد کا سبب بھی بنتا ہے۔ اس ضمن میں حکومتوں کو مؤثر قوانین اور قابلِ رسائی شکایتی نظام فراہم کرنے چاہئیں، جب کہ ٹیکنالوجی کمپنیز کو نقصان دہ مواد کے خلاف بروقت کارروائی اور صارفین کی حفاظت یقینی بنانی چاہیے۔ نیز، متاثرین کی آن لائن اور آف لائن دونوں جگہ ہی مؤثر داد رسی ہونی چاہیے۔
بحیثیتِ پاکستانی ہماری ذمّےداریاں: پاکستان میں بھی خواتین پرتشدّد، غیرت کے نام پر قتل، جبری شادی، ہراسانی، تیزاب گردی اور وراثت سے محرومی جیسے مسائل سخت توجّہ کےمتقاضی ہیں۔ ان مسائل کے حل کے لیے قانون سازی، مروّجہ قوانین پر سختی سےعمل درآمد اور اس کے ساتھ ساتھ معاشرتی رویّوں میں تبدیلی بھی ضروری ہے۔
اس مقصد کے لیے ضروری ہے کہ بچّوں کی تربیت میں احترام، برابری اورعدم تشدّد کو بنیادی اقداربنایا جائے۔ لڑکوں کو سکھایا جائے کہ مردانگی کا مطلب طاقت کا ناجائز استعمال نہیں بلکہ ذمّےداری اور دوسروں کے حقوق کا احترام ہے۔ اسی طرح لڑکیوں کو تعلیم، قانونی آگہی اور اپنے حقوق کے تحفّظ کے مواقع فراہم کرنا بھی ناگزیر ہے۔
دوسری جانب ذرائع ابلاغ کی ذمّےداری ہے کہ خواتین پر تشدّد کے واقعات کی رپورٹنگ میں سنسنی خیزی کی بجائے حقائق اور متاثرین کی رازداری کو ترجیح دیں۔ متاثرہ خاتون کی شناخت ظاہر کرنا یا اس کے کردار پر سوال اُٹھانا اس کے لیے مزید مشکلات پیدا کر سکتا ہے۔
ریاستی اداروں کو قوانین پر مؤثرعمل درآمد، مقدمات کی بروقت پیروی اور متاثرین کے تحفّظ کے لیے مناسب وسائل فراہم کرنے چاہئیں۔ خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیموں کو بھی مستقل مالی معاونت درکار ہے تاکہ وہ قانونی رہنمائی، محفوظ رہائش، نفسیاتی مدد اور آگہی کے پروگرامز جاری رکھ سکیں۔
انصاف ہی محفوظ مستقبل کی بنیاد ہے: خواتین پر تشدّد کی روک تھام صرف حکومت یا قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمّے داری نہیں، خاندان، تعلیمی ادارے، ذرائع ابلاغ، مذہبی و سماجی رہنما، نجی شعبے اورعام شہری سبھی اس جدوجہد میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اقوامِ متّحدہ کی 2026ء کی 16 روزہ مُہم کے تحت آگہی پروگرامز کا انعقاد، متاثرین کی مدد کرنے والے اداروں کی معاونت اور معاشرے میں موجود ضرررساں رویّوں کو چیلنج کرنا اہم اقدامات ہیں۔ نارنجی رنگ اس مُہم میں امید اور تشدّد سے پاک مستقبل کی علامت ہے۔ تاہم، اصل تبدیلی اُس وقت آئے گی، جب یہ عزم 16 دِنوں تک محدود نہ رہے بلکہ سال کے ہر دِن ہی ہمارے رویّوں اور فیصلوں میں نظر آئے۔
یاد رہے، کسی معاشرے کی ترقّی کا اندازہ صرف اس کی بلند عمارتوں، جدید ٹیکنالوجی یا معاشی قوّت سے نہیں لگایا جا سکتا بلکہ اس کی اصل پہچان یہ ہے کہ وہاں خواتین سمیت دیگر کم زور اور خطرے سے دوچار افراد کے ساتھ کیسا سلوک کیا جاتا ہے۔ اگر ایک عورت اپنے گھر، گلی، محلّے، دفتر، تعلیمی ادارے یا ڈیجیٹل ورلڈ میں خود کو محفوظ محسوس نہیں کرتی، تو ترقّی کے تمام دعوے بے کار ہیں۔
عورت پر تشدّد نے جنگوں، نسل کُشی اور معاشرتی تباہی میں بھیانک کردار ادا کیا ہے۔ آج ہمارے پاس بین الاقوامی قوانین، انسانی حقوق کے اصول اور جدید وسائل موجود ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہےکہ ان وسائل کومحض اعلانات تک محدود رکھنے کی بجائے عملی انصاف کے حصول کے لیے استعمال کیا جائے۔
خواتین پر تشدّد کی روک تھام کسی ایک عالمی دن، قرارداد، قانون یا آگہی مُہم سے ممکن نہیں بلکہ اس کےلیےمسلسل جدوجہد، اجتماعی شعور اورعملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ تاریخ کے مختلف ادوار میں جنگوں کے دوران عورت کو جس طرح تشدّد، جنسی استحصال اور تذلیل کا نشانہ بنایا گیا، وہ انسانی تہذیب کے ماتھے پر ایک بدنُما داغ ہے۔
افسوس ناک اَمر یہ ہے کہ آج بھی جدید دنیا میں جہاں انسانی حقوق اورمساوات کے بلندبانگ دعوے کیےجاتےہیں، خواتین اپنےگھروں، تعلیمی اداروں، دفاتر، سڑکوں اورحتیٰ کہ ڈیجیٹل دنیا میں بھی خُود کوغیرمحفوظ محسوس کرتی ہیں۔ یہ صُورتِ حال اس بات کا ثبوت ہے کہ محض معاشی اور سائنسی ترقّی کسی معاشرے کو مہذّب نہیں بنا سکتی، جب تک کہ وہاں انسانی وقار اور بنیادی حقوق کا احترام نہ ہو۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین کے تحفّظ سے متعلق قوانین کو کاغذی کارروائی تک محدود رکھنے کی بجائے ان پر غیر جانب دارانہ اور مؤثر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔
تشدّد کے مرتکب افراد کو ان کے سماجی مرتبے، سیاسی اثر و رسوخ یا معاشی حیثیت سے بالاتر ہو کر قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔ متاثرہ خواتین کو فوری قانونی معاونت، محفوظ رہائش، طبّی سہولتیں اور نفسیاتی مشاورت فراہم کی جائے تاکہ وہ خوف، بدنامی اور انتقامی کارروائی کے خدشات سے آزاد ہو کر انصاف حاصل کر سکیں۔
اسی طرح جنگی تنازعات میں خواتین کے تحفّظ کے لیے عالمی اداروں کو محض مذمتی بیانات دینے کے بجائے مؤثر نگرانی، شفاف تحقیقات اور جواب دہی کے نظام کو مضبوط بنانا ہوگا۔ پاکستان سمیت دُنیا کے تمام معاشروں میں اس جدوجہد کا آغاز گھروں اور تعلیمی اداروں سے ہونا چاہیے۔ نئی نسل کی تربیت میں احترامِ انسانیت، برداشت، مساوات اور عدم تشدّد کو بنیادی اہمیت دی جائے۔
ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر ہراسانی اور مصنوعی ذہانت کے ذریعے تیارکردہ جعلی تصاویر، ویڈیوز کے خلاف بھی مؤثر قانونی اور تیکنیکی اقدامات ناگزیر ہیں۔ جب عورت کو جنگ کے میدان سے لے کر اپنے گھر کی دہلیز تک عزّت، تحفّظ اور انصاف میسّر ہوگا، تب ہی ایک حقیقی مہذّب اور پُرامن معاشرے کا خواب شرمندۂ تعبیر ہوسکے گا۔ کیوں کہ عورت کا تحفّظ محض عورت کامسئلہ نہیں، یہ پوری انسانیت کے وقار، انصاف اور مستقبل کا سوال ہے۔