• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جنوبی کوریا: مسافر نے دوران پرواز طیارے کا دروازہ کھول لیا


ایشیانا طیارے کے مسافر نے ڈیگو ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے قبل ہی طیارے کا دروازہ کھول دیا، دیگر مسافروں و حکام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کوریا کے شہر ڈیگو میں ایک مسافر بردار طیارے کا دروازہ مسافر نے ایئرپورٹ پر لینڈنگ سے چند منٹ قبل ہی کھول لیا، جس پر جنوبی کورین پولیس نے اسے حراست میں لے لیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ایئربس A321-200 مقامی وقت کے مطابق تقریباً 12:40 بجے بحفاظت لینڈ کروالیا گیا۔ یہ طیارہ جزیرے جیجو سے ایک گھنٹے کی پرواز کے بعد ڈیگو ایئرپورٹ پر اُترنے والا تھا جس وقت اس کا دروازہ کھولا گیا۔

ڈیگو فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک اہلکار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ طیارے میں سوار 9 نوعمر مسافروں کی دروازہ کھلنے کے باعث حالت غیر ہوگئی، انہیں سانس لینے میں دشواری پیش آرہی تھی، جس کے باعث انہیں مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

اہلکار نے بتایا کہ ایمرجنسی ایگزٹ کو کھولنا ممکن تھا کیونکہ طیارہ زمین کے قریب تھا اور کیبن کے اندر اور باہر کا دباؤ ایک جیسا تھا۔

ایشیانا کے ترجمان نے بتایا کہ طیارے کا ایمرجنسی ایگزٹ لینڈنگ سے 2 یا 3 منٹ قبل کھولا گیا، اس وقت تمام مسافر سیٹ بیلٹ پہنے ہوئے تھے جس کی وجہ سے وہ محفوظ رہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی ایگزٹ کے ساتھ بیٹھے مرد مسافر نے ایک کور کھولا اور ایک لیور کھینچا تو دروازہ زمین سے تقریباً 200 میٹر (656 فٹ) کے فاصلے پر ہوائی جہاز کے ساتھ کھل گیا۔

وزارت ٹرانسپورٹ نے اپنے جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ پولیس نے دروازہ کھولنے والے شخص کو حراست میں لے لیا ہے اور حکام ایوی ایشن سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کر رہے ہیں اور جائزہ لے رہے ہیں کہ ایشیانا ایئر لائنز نے ہنگامی بنیادوں پر باہر نکلنے کے پروٹوکول کی پیروی کی ہے یا نہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید