بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شبانہ اعظمی نے حال ہی میں اپنے شوہر، معروف نغمہ نگار جاوید اختر کی زندگی کے ماضی کے کئی تلخ واقعات بیان کیے ہیں۔
81 سالہ جاوید اختر کو 4 اکتوبر کو ممبئی میں قیام کرتے ہوئے 6 دہائیاں مکمل ہو گئیں۔
اس موقع پر 76 سالہ اداکارہ نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹا گرام پر نغمہ نگار کی ایک پرانی تصویر شیئر کرتے ہوئے شہرت حاصل کرنے سے قبل ان کی زندگی میں پیش آنے والی مشکلات کو یاد کیا ہے۔
شبانہ اعظمی نے جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ 4 اکتوبر 1964ء ایک نوجوان لڑکا بمبئی سینٹرل اسٹیشن پر جیب میں 27 پیسے اور آنکھوں میں بڑے خواب لیے پہنچا۔
انہوں نے خصوصی پوسٹ میں لکھا ہے کہ زندگی نے اسے کئی سخت آزمائشوں سے گزارا، وہ فٹ پاتھوں، ریلوے اسٹیشنوں اور کئی اسٹوڈیوز کے احاطوں میں سویا، ایک وقت ایسا بھی آیا جب اس کے پاس 3 دن تک کھانے کے لیے اور پہننے کے لیے جسم پر موجود چیتھڑوں کے سوا کچھ نہیں تھا۔
اداکارہ نے لکھا ہے کہ مایوسی کی اس انتہا پر، جب وہ ہمت ہار سکتا تھا، اس نے خود سے کہا کہ میں اس طرح مرنے کے لیے پیدا نہیں ہوا، یہ دن بدل جائیں گے اور واقعی وہ دن بدل گئے۔
انہوں نے لکھا ہے کہ 4 اکتوبر 1964ء کو وہ ایک ایسا 19 سالہ نوجوان تھا جس کی جیب تقریباً خالی تھی اور 4 اکتوبر 2026ء کو کئی دہائیوں بعد اب اس کی زندگی ایسی ہے جس نے بھارت کو یادگار ترین الفاظ میں سے کچھ دیے ہیں، یہ جاوید اختر کی کہانی ہے۔
شبانہ اعظمی نے اپنے مداحوں اور فالوورز کے لیے ایک اہم پیغام بھی شیئر کیا ہے۔
اداکارہ نے کہا ہے کہ بعض سفر صرف ایک خواب کے سوا کچھ نہ ہونے سے شروع ہوتے ہیں اور بہت کچھ حاصل کر لیتے ہیں، اگر وہ یہ کر سکتے ہیں تو آپ بھی کر سکتے ہیں، کبھی ہمت نہ ہاریں۔
واضح رہے کہ جاوید اختر کو اپنے کیریئر میں بڑا بریک تھرو 1973ء میں ملا، جب انہوں نے بالی ووڈ کی ایکشن ڈرامہ فلم زنجیر کے اسکرین رائٹر کے طور پر نمایاں کامیابی حاصل کی تھی۔