• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اکتوبر اور نومبر کے درمیان انتخابات کا وقت متعین ہے، احسن اقبال

کراچی(ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ اکتوبر اور نومبر کے درمیان انتخابات کا وقت متعین ہے، ن لیگ متفق ہے کہ ہماری حکومت کو خود پر توسیع دینے کا داغ نہیں لگانا چاہئے،پیپلز پارٹی کے میئر کے امیدوار مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ میئرکےمعاملےکوانا کامسئلہ نہیں بنائیں، کسی اور جماعت کا میئر آئے گا تو وہ اختیارات کی بات کرے گا، عدالتوں نے انتظامی سیاسی معاملات میں مداخلت نہ کی تو پراپرٹی ٹیکس اور میونسپل ٹیکس میں اضافہ ہوگا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو اس بات ہزیمت اٹھانا پڑے گی،ہمارا پی ٹی آئی کےارکان سے رابطہ ہے، ہمارے نمبرزیادہ ہیں، پیپلز پارٹی کو تسلیم کرنا چاہئے،الیکشن میں بھی رکاوٹ تھی، لیکن ہوگئے نا۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام ”آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ“ میں میزبان شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے مزید کہا کہ حکومت اور ن لیگ میں الیکشن آگے بڑھانے کی کوئی صورت زیرغور نہیں، حکومت اور اسمبلیاں اپنی آئینی مدت پوری کریں گی، اکتوبر اور نومبر کے درمیان انتخابات کا وقت متعین ہے، امید ہے اس دوران الیکشن کے ذریعہ نئی حکومت آجائے گی، ن لیگ متفق ہے کہ ہماری حکومت کو خود پر توسیع دینے کا داغ نہیں لگانا چاہئے، اسمبلیوں کی مدت ختم ہونے کے ساتھ حکومت بھی اپنی مدت ختم کرے گی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سیاسی بے یقینی پاکستان کی معیشت کیلئے بہت مہلک ہے، پچھلے پانچ برسوں میں ملک کی تنزلی ہوئی ہے، ملکی حالات ایسے ہیں کہ اخراجات پورا کرنے کیلئے مزید قرض لینا پڑے گا، امیدواروں کے لحاظ سے ن لیگ خودکفیل ہے، زیادہ تر نشستوں پر ن لیگ کے پاس اپنے دیرینہ امیدوار موجود ہیں، بہت محدود حلقے ایسے ہیں جہاں ہمارے پاس کم شہرت یافتہ امیدوار ہیں، جہاں ہمارے پاس مناسب امیدوار نہیں وہاں کچھ اچھی شہرت کے امیدواروں کو قبول کریں گے۔ احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان نے ہمارے ساتھ انتقامی کارروائیاں کیں ہمیں جیلوں میں رکھا، ہم نے ایک سال میں پی ٹی آئی کے کسی شخص کو گرفتار کیا نہ جھوٹا پرچہ کرایا گیا، عمران خان کو بھی کسی قسم کی انتقامی کارروائی کا سامنا نہیں کرنا پڑا، پی ٹی آئی نے نو مئی کو ملک میں ناقابل یقین واقعات کئے، مین اسٹریم جماعت نے نو مئی کو وہ کام کئے جو دہشتگرد تنظیمیں کرتی ہیں، نو مئی کو پی ٹی آئی نے ریڈ لائن کراس کی ہے، یہ لوگ اتنے بڑے انقلابی ہیں تو چھپ کر کیوں بیٹھے ہیں، یہ لوگ کیوں فرار ہیں اپنی گرفتاریاں کیوں نہیں دیتے۔ پیپلز پارٹی کے میئر کے امیدوار مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کراچی کے میئر کے معاملہ کو انا کا مسئلہ نہیں بنانا چاہئے، میئر کے معاملہ کو سیاسی انداز میں حل کرنا چاہتے ہیں، ہر سیاسی جماعت چاہتی ہے کراچی میں ترقی ہو، کب تک دھرنے، ہڑتالوں اور جلاؤ گھیراؤ کی سیاست ہوگی۔
اہم خبریں سے مزید