• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حافظ نعیم الرحمٰن کے میئر کراچی کیلئے نامزدگی فارم جمع

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے ریجنل الیکشن کمیشن میں میئر کراچی کے لیے نامزدگی فارم جمع کرائے۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کل ہم پاکستان بھر میں احتجاج کرنے جا رہے ہیں، کراچی میں کل شاہراہ قائدین پر احتجاج ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا چہرہ دنیا کو دکھانے جا رہے ہیں، میئر کے انتخاب سے قبل قانون میں ترمیم کی گئی ہے، ہم نے ترمیم کے خلاف کیس کیا ہے، ہمیں یقین ہے کہ عدالت اس ترمیم کو مسترد کرے گی۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ یہ الیکشن نہیں فراڈ کا عمل جاری ہے، کچھ بھی کرلیں یہ سب ناکام ہو جائیں گے، الیکشن کمیشن کے پاس موقع ہے کہ اپنی ساکھ بحال کرے، اس وقت پیپلز پارٹی کا کراچی پر مکمل قبضہ ہے.

امیر جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ لوگ غائب ہو رہے ہیں اس کی ذمے داری اداروں پر ہے، کوئی جگہ ایسی نہیں ہے جہاں سے انصاف حاصل کریں، ہم اپنے منتخب لوگوں سے رابطے بڑھا رہے ہیں، اس وقت پیپلز پارٹی الیکشن کمیشن کو یرغمال بنا رہی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ 1977ء میں بھی پیپلز پارٹی نے اقلیت کو اکثریت میں بدلنے کی کوشش کی، 1971ء میں بھی ملک کو توڑ دیا لیکن مینڈیٹ تسلیم نہیں کیا، وفاق سے وسائل تو حاصل کر لیے لیکن بلدیاتی نمائندوں کو نہیں دے رہے، ڈھائی سال الیکشن نہیں ہوئے ہم نے پھر بھی مقابلہ جاری رکھا۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور جماعت اسلامی 9 لاکھ ووٹوں کے ساتھ کراچی میں آگے ہے جبکہ پیپلز پارٹی 3 لاکھ ووٹوں کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے، پیپلز پارٹی کو چاہیے تھا کہ اپنی ساکھ بحال کرتے مینڈیٹ تسلیم کرتے، اس وقت لوگوں کی زمینوں پر قبضے ہو رہے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید