• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈرائیور نے تپتے صحرا میں پیاس سے نڈھال اونٹ کی جان بچالی

فوٹو، ٹوئٹر
فوٹو، ٹوئٹر 

حالیہ برسوں کے دوران ہونے والی موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے زمین کے درجہ حرارت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس سے صرف انسان ہی نہیں بلکہ دیگر جاندار بھی بری طرح متاثر ہورہے ہیں۔

زمین کا درجہ حرارت جیسے جیسے بڑھتا ہےتو جسم کو معمول پر رکھنے کے لیے زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے اور اگر پانی کی یہ ضرورت پوری نہ ہو تو زندگی بھی خطرے میں پڑسکتی ہے۔

اسی طرح کا ایک منظر سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک مختصر ویڈیو کلپ میں دیکھا جاسکتا ہے۔

اس ویڈیو کو انڈین فاریسٹ سروس کے آفیسر سوسنتا نندا نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیا ہے۔ 

اُنہوں نے یہ ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ شدید گرمی میں پیاس سے نڈھال یہ اونٹ تقریباََ مرنے والا تھا کہ ایک مہربان ڈرائیور نے اسے ایسے حال میں دیکھا تو پانی پلا کر بچالیا۔ 

اُنہوں نے لوگوں سے اپیل کرتے ہوئے لکھا کہ ہم سب غیر متوقع طور پر شدید گرمی کا سامنا کر رہے ہیں اور ایسی صورتحال میں پانی کے چند قطرے جانوروں کی جان بچا سکتے ہیں اس لیے ان ساتھی مسافروں کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کریں۔

انڈین آفیسر کی جانب سے شیئر کیے گئے اس ویڈیو کلپ کو سوشل میڈیا صارفین بہت پسند کر رہے ہیں اور اونٹ کو پانی پلا کر اس کی جان  بچانے والے شخص کی حوصلہ افزائی کرتے بھی نظر آ رہے ہیں۔