وزیراعظم شہباز شریف نے اتحادی رہنماؤں، گورنرز، صدر آزاد کشمیر اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عید کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود کو ٹیلی فون پر عید کی مبارکباد دی۔ وزیراعظم نے صدر آزاد جموں و کشمیر کےلیے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔
دونوں رہنماؤں نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی اور بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے صدر آزاد کشمیر سے گفتگو کے دوران کہا کہ کشمیریوں کی آزادی تک ہر ممکن حمایت کرتے رہیں گے۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے گورنرز کو ٹیلی فون کر کے انہیں عید کی مبارک دی اور نیک تمناﺅں کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کے قائدین کو بھی ٹیلی فون کیا۔
وزیراعظم نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانافضل الرحمان، چیئرمین پیپلز پارٹی اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، بلوچستان سے تعلق رکھنے والے رہنما خالد حسین مگسی، متحدہ کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی، اے این پی کے رہنما ایمل ولی خان سے ٹیلی فون پر رابطہ کر کے انکی خیریت دریافت کی۔
وزیراعظم نے حکمران اتحاد میں شامل جماعتوں کے قائدین کو عید کی مبارک بھی پیش کی۔
وزیراعظم نے اتحادی جماعتوں کے قائدین سے ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر گفتگو کی اور انہیں آئی ایم ایف کی ایم ڈی سے ہونے والی گفتگو سے بھی آگاہ کیا۔
علاوہ ازیں وزیراعظم نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا کو ٹیلی فون کر کے انہیں عید کی مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے مسلح افواج کے پیشہ وارانہ امور اور عسکری تیاریوں سے متعلق امور پر تبادلہ خیال بھی کیا۔