اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ پرویز خٹک کا عمران خان اور پارٹی کے خلاف بیان سراسر لغو، بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی ہے۔ اگر پرویز خٹک کو پارٹی کے کئے ہوئے فیصلوں سے اختلاف تھا تو اسی وقت عہدے اور پارٹی رکنیت سے مستعفی کیوں نہ ہوئے۔ ایک بیان میں پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ پرویز خٹک پارٹی کے عہدوں سے علیحدگی اختیار کرنے کے بعد الزامات سے قوم کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ پرویز خٹک عمران خان کو 9 مئی کے واقعات کا ذمہ دار ٹھہرا رہے ہیں جو سراسر جھوٹ، بے ہودہ اور بے بنیاد ہے۔ پرویز خٹک بطور صوبائی صدر پارٹی کے تمام فیصلوں میں مکمل طور پر شریک ہونے کے ساتھ ساتھ اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ بھی رابطے میں تھے۔ پرویز خٹک کو پریس کانفرنس کے بعد عمران خان کے فیصلے غلط نظر آنے لگے۔ ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ اگر انہیں پارٹی کے فیصلوں سے اختلاف تھا تو اسی وقت عہدے اور پارٹی رکنیت سے مستعفی کیوں نہ ہوئے؟ کیا وجہ ہے کہ اپنے خیالات کا اظہار کرنے کیلئے انہوں نے 9 مئی کا انتظار کیا، قوم گواہ ہے کہ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان نے اپنی 27 سالہ سیاست میں ہمیشہ پرامن احتجاج کی بات کی۔ عمران خان نے 25 مئی اور 26 نومبر کے دھرنے بھی انتشار کے خدشے کے پیش نظر منسوخ کئے۔ پرویز خٹک کو پارٹی رہنماؤں کو پارٹی چھوڑنے پر اکسانے کیلئے شو کاز نوٹس جاری کیا گیا، پرویز خٹک جھوٹے الزامات لگانے کی بجائے فیصلہ کریں کہ انہوں نے پارٹی میں رہنا ہے کہ نہیں، شاید پرویز خٹک اس قسم کے الزامات کے ذریعے نئی کنگز پارٹی میں اپنے لئے کسی مرکزی عہدے کی راہ ہموار کر رہے ہیں۔ عمران خان یا پی ٹی آئی پر الزمات لگا کر یہ اپنی کھوئی ہوئی عزت بحال نہیں کر سکتے۔