• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کو اس وقت بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے، حافظ نعیم

فائل فوٹو
فائل فوٹو

امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا ہے کہ کراچی کو اس وقت بدترین لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ 2005 میں کے ای کی نجکاری ہوئی، معاہدے ہوئے اور کہا جا رہا تھا تمام لائن لاسز ٹھیک کر دیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نیپرا صرف رپورٹ بناتا ہے کوئی ایکشن نہیں لیتا، کہا گیا تھا کہ نیشنل گرڈ سے بجلی لینے کی ضرورت نہیں پڑے گی، جھوٹ بول کر مینٹیننس کے نام پر لوڈشیڈنگ فری ایریاز میں بھی بجلی بند کی جا رہی ہے۔

حافظ نعیم الرحمٰن کا کہنا ہے کہ شہر میں اس وقت بدترین لوڈشیڈنگ ہو رہی ہے، بجلی کی عدم فراہمی کی شہداد کوٹ سے بھی شکایات آئی ہیں، کراچی میں قبضہ میئر لا کر بٹھا دیا ہے، ہیضے کی وبا تھرپارکر میں پھوٹ رہی ہے، انڈسٹریز کا بھی حال برا ہے۔

امیرِ جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ کے الیکٹرک کا لائسنس کینسل ہونا چاہیے، فرانزک آڈٹ ہونا چاہیے، فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز بھی عوام ادا کریں، جو حکومتیں بیرون ممالک کی مثالیں دیتی ہیں وہاں سے بلدیاتی نظام نہیں سیکھتے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ اندرون سندھ میں آپ لڑکیوں کو تعلیم نہیں دے رہے، قبضے کو قبضہ ہی کہا جائے گا، مردم شماری کہاں گم ہو گئی ہے، ہم نے کہا تھا اسٹیک ہولڈر پر مشتمل کمیٹی بناؤ، لاڑکانہ کی آبادی کو زیادہ اس لیے دیکھا رہے کہ ان کو ووٹ زیادہ ملیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ لاڑکانہ میں تعلیم، بجلی اور صحت کی سہولیات نہیں دے رہے، ڈیڑھ کروڑ کی آبادی کا حساب دو جو کھا گئے ہو، مردم شماری کے نام پر دھوکا کیا جا رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید