کراچی میں کل سے مون سون بارش شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، محکمۂ موسمیات کے مطابق کل (جمعے کو) کراچی کے مضافات میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ مون سون ہوائیں مشرقی اور شمال مغربی سندھ میں آج سے داخل ہو سکتی ہیں، مون سون ہوائیں بتدریج سندھ میں پھیل جائیں گی۔
آج شام یا رات سے 9 جولائی تک دادو اور جامشورو میں آندھی اور بارش کا امکان ہے جبکہ قمبر، تھر پارکر اور عمر کوٹ میں بھی چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
کل سے 9 جولائی کے دوران لاڑکانہ، جیکب آباد اور کشمور میں بارش کا امکان ہے۔
کراچی کے علاوہ حیدر آباد میں بھی کل سے 9 جولائی کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
ٹھٹھہ، سجاول اور بدین میں بھی کل سے 9 جولائی تک آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اس دوران مختلف مقامات پر کہیں کہیں موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔