سوئٹزرلینڈ کی معروف آنجہانی گلوکارہ ٹینا ٹونر کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آسٹریلیا کے میوزک فیسٹیول بگ ریڈ بیش میں ہزاروں لوگوں کا اجتماع ہوا، جہاں انہوں نے آنجہانی گلوکارہ کے گانے ’نٹ بش سٹی لمٹس‘ پر ’ نٹ بش‘ رقص کرکے ریکارڈ قائم کیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعرات کی صبح ہزاروں لوگ برڈز وِل کوئنز لینڈ کے ایک دور دراز علاقے سمپسن صحرا میں ریکارڈ قائم کرکے آنجہانی گلوکارہ کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے جمع ہوئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ریکارڈ قائم کرنے کے اس پروگرام میں تقریباً 6 ہزار افراد نے شرکت کی اور 5 منٹ تک گانے پر پرفارم کیا، جس نے دنیا کے سب سے بڑے نٹ بش رقص کا نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا اور اسے آسٹریلیا کی ریکارڈ بک میں درج کرلیا گیا۔
واضح رہے کہ نٹ بش رقص کو آسٹریلیا کا غیر سرکاری قومی رقص سمجھا جاتا ہے۔ اسے اکثر اسکولوں، شادیوں اور بڑے اجتماعات میں پیش کیا جاتا ہے۔
ریکارڈ قائم کرنے کے لئے جمع ہونے والے ان افراد نے رائل فلائنگ ڈاکٹرز کے لیے تقریباً 90 ہزار ڈالرز بھی جمع کئے۔
سمپسن صحرا میں اکھٹے ہونے والے ان افراد کی رقص کرتے ہوئے ویڈیو کو ڈرون سے شوٹ کیا گیا۔
واضح رہے کہ لیجنڈ گلوکارہ ٹینا ٹونر رواں سال مئی میں 83 برس کی عمر میں وفات پا گئی تھی۔