وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ غیر ملکی سرمایہ کار آئیں کراچی میں انڈسٹری لگائیں، دس سال ٹیکس فری ہوں گے، مشینری پر بھی کوئی ٹیکس نہیں ہوگا، اس سے اچھا موقع نہیں ملے گا۔
دھابیجی اسپیشل اکنامک زون پر میڈیا بریفنگ میں وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ غیرملکی سرمایہ کار آئیں کراچی شہر میں اپنی انڈسٹری لگائیں، سرمایہ کاری پر دس سال ٹیکس میں رعایت دی جائے گی۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ اس کا افتتاح کل ہے لیکن سرمایہ کاروں کی دلچسپی ابھی سے ہے، امید ہے پانچ ارب ڈالر اس منصوبے میں آ سکیں گے۔ انڈسٹریل زون 1530 ایکڑ پر ہوگا، دو ماہ میں بکنگ شروع کر دی جائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ امید ہے یہ منصوبہ 15 ہزار ایکڑ تک چلا جائے، اٹھارہ مہینے کا منصوبہ ہے، ترقیاتی کام آئندہ ہفتے سے شروع ہو جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ جتنی بھی ضروری یوٹیلیٹیز ہیں دھابیجی اکنامک زون کو مہیا کی جائیں گی، دھابیجی اکنامک زون ایک ہائی اینڈ پروجیکٹ ہے، یہ پروجیکٹ پورے پاکستان کا ماڈل پروجیکٹ نظر آئے گا۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی کہا کہ مشینیں امپورٹ کرنے کی صورت میں ڈیوٹی میں رعایت ملے گی، پورے پاکستان اور خطے کیلئے یہ منصوبہ انتہائی اہم ثابت ہوگا، سندھ میں قدرتی معدنیات موجود ہیں۔