• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلاول بھٹو نے دھابیجی اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھ دیا

اسکرین گریب
اسکرین گریب

وفاقی وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دھابیجی اکنامک زون کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

دھابیجی اسپیشل اکنامک زون کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ہم نے تبدیلی کے نام پر تباہی دیکھی ہے، آپ نے دیکھ لیا کہ باقی باتیں کرتے ہیں اور پیپلز پارٹی کام کر کے دکھاتی ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم نے تبدیلی کے نام پر تباہی بھی دیکھی ہے اور پیپلز پارٹی کی خدمت بھی دیکھی، آصف زرداری نے جب سی پیک کی بنیاد رکھی تو اس وقت بھی ہم تنقید کے نشانے پر تھے، سابق صدر کی سوچ کی وجہ سے ملک کو معاشی استحکام ملا۔

’شہید بی بی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا تصور متعارف کرایا‘

انہوں نے کہا کہ شہید بی بی نے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا تصور متعارف کرایا اور ہم نے اس کے تحت کئی منصوبے بنائے، تھر کول کے ذریعے سندھ نے اپنا حصہ ڈالا۔

وزیرِ خارجہ کا کہنا ہے کہ پبلک پرائیوٹ پارٹنرشپ کا تصور پی پی نے متعارف کرایا، پیپلز پارٹی کی حکومت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کام کر رہی ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ عوام اور دنیا پیپلز پارٹی کی کارکردگی کو تسلیم کر رہی ہے، عوام تسلیم کر رہے ہیں کہ ہماری جماعت کے خلاف ماضی میں کردار کشی ہوتی تھی۔

’مقامی لوگوں کو سب سے پہلے روزگار دینا ہے‘

ان کا کہنا ہے کہ عوام تسلیم کر چکے کہ پیپلز پارٹی کا خدمت کا طریقہ دیگر جماعتوں سے بہتر ہے، مقامی لوگوں کو سب سے پہلے روزگار دینا ہے، ووکیشنل ٹریننگ پر بھی کام کر رہے ہیں، ہم ووکیشنل ٹریننگ میں بھی انویسٹ کریں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ دھابیجی اکنامک زون سے 1 لاکھ 50 ہزار روز گار کے مواقع یہاں کے نوجوانوں کو میسر ہوں گے، ہماری پہلی ترجیح ملک کو بحران سے نکالنا ہے، میں سب کو دعوت دیتا ہوں آئیں پیپلز پارٹی کا ساتھ دیں۔

’اسپیشل اکنامک زون میں دنیا کیساتھ مل کر چلیں گے‘

وزیرِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ اسپیشل اکنامک زون میں دنیا کے ساتھ مل کر چلیں گے، اس معاشی انقلاب کو ٹھٹھہ، کراچی سے شروع کر کے پورے پاکستان میں پھیلائیں گے، ہماری ترجیح ہے کہ اس ملک کے نوجوان کو بےروزگاری سے نکالنا ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ تمام ملازمین کی تنخواہ اور پینشن کے مسائل حل کریں گے، کوشش ہے کہ لوکل باڈیز کو آکٹرائے ٹیکس، ضلع ٹيکس اور دیگر فنڈز بڑھا کر دیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کا مقصد یہی تھا کہ چین کی مدد سے ایسے انڈسٹریل زونز دیں جہاں لوگوں کو روزگار میسر ہو، پاکستان کی اپنی ایکسپورٹس بڑھیں اور خوشحالی آئے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے دھابیجی اکنامک زون کی منظوری پچھلے ماہ ملی، دھابیجی اکنامک زون کے کام کو تیزی سے آگے بڑھایا جائے گا، بطور وزیرِ اعظم دھابیجی اکنامک زون کے افتتاح کے لیے بھی بلاول کو مدعو کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر دھابیجی اکنامک زون کو چار ماہ میں مکمل کر دیا جائے تو افتتاح کے لیے بلاول کو بلا لیں گے، اکنامک انٹیلی جنس یونٹ کی خبر کو بہت پھیلایا گیا، اس کی خبر کو غور سے پڑھ لیں، کرائم انڈیکس دکھنے والی انٹرنیشنل ایجنسیز کہتی ہیں کراچی چھٹا خطرناک ترین شہر تھا، اب 125 یا 130 پر ہے۔

’اکنامک انٹیلی جنس یونٹ کے تجزیے کی مکمل مخالفت کرتے ہیں‘

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ اکنامک انٹیلی جنس یونٹ کے تجزیے کی مکمل مخالفت کرتے ہیں، میں اکنامک انٹیلی جنس یونٹ کو لکھوں گا، مرتضیٰ وہاب سے بھی جواب دینے کا کہا ہے، آپ اس طریقے کے آرٹیکلز چھپوا رہے ہیں، اکنامک انٹیلی جنس یونٹ نے ایشیاء میں پبلک پرائیویٹ پراٹنرشپ کی ریٹنگ میں سندھ کو چھٹا نمبر دیا تھا۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ نے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی کے لحاظ سے میرانہیں خیال پاکستان سے بہتر کوئی ملک ہے، میرا خیال ہے صحت اور تعلیم کے شعبے میں ہم 20 ، 25ویں نمبر پر آئیں گے، صرف کراچی شہر کو اس لائق سمجھا گیا کہ اکنامک انٹیلی جنس یونٹ نے اس کے بارے میں لکھا، پاکستان کے باقی کسی شہر کو شاید اس لائق نہیں سمجھتے۔

ان کا کہنا ہے کہ جو ان چھوٹے موٹے آرٹیکلز سے کراچی کے شہریوں کو نااُمید کرنا چاہتے ہیں وہ کامیاب نہیں ہوں گے، بلاول کے وزیرِ اعظم بنتے ہی اکنامک انٹیلی جنس یونٹ بتائے گا کہ انڈسٹری، ٹورازم اور رہنے کے لیے کراچی سے زیادہ کوئی وائبرنٹ شہر نہیں۔

’جب تک اکنامک زونز نہیں بنیں گے، سی پیک آگے نہیں بڑھے گا‘

خطاب کے دوران مراد علی شاہ نے کہا کہ چین کی حکومت نے کہا تھا کہ سی پیک کا آئیڈیا آصف علی زرداری نے دیا تھا، آج کل لوگ بہت باتیں کرتے ہیں کہ سی پیک کس نے شروع کیا، سی پیک کا ہرگز یہ مطلب نہیں تھا کہ کچھ سڑکیں بنا دو، جب تک اکنامک زونز نہیں بنیں گے، سی پیک آگے نہیں بڑھے گا، اس پروجیکٹ کی لوکیشن اس سے بہتر ہو نہیں سکتی۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ یہ چھوٹا سا پائلٹ ہے اسے ہم اور بڑھائیں گے، پیپلز پارٹی اس ملک اور صوبے کی خدمت کے لیے آگے بڑھتی رہے گی، دھابیجی سے ایئر پورٹ اور پورٹ قاسم بہت نزدیک ہے، ملیر ایکسپریس وے روڈ بن جائے گا، اس کے بعد اور آسانی ہو جائے گی، جگہ کم پڑے گی، ہم اس پروجیکٹ کے لیے اور زمین دیں گے، ٹھٹھہ ضلع پاکستان کا نمبر ون انڈسٹریل ڈسٹرکٹ ہو جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید