بھارتی فلم انڈسٹری کے سینئر اداکار انوپم کھیر نے دنیا بھر میں گنج پن کے شکار افراد کو دلچسپ انداز میں چیلنج کر دیا ہے۔
اداکار انوپم کھیر نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اُنہوں نے اپنے سر پر ٹیٹو بنوایا ہے۔
انوپم کھیر کی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اُن کے سر پر یہ ٹیٹو کوئی مختصر نہیں بلکہ پورے سر پر پھیلا ہوا ہے۔
اداکار نے یہ ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پوسٹ کے کیپشن میں لکھا ہے کہ ’یہ پوسٹ دنیا بھر کے گنجے افراد کے لیے ہے۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’بال والے افراد کو خوب فخر ہوتا ہے کہ وہ بالوں کے ساتھ کچھ بھی کرسکتے ہیں لیکن کیا وہ یہ کرسکتے ہیں؟ بالکل بھی نہیں۔‘
انوپم کھیر کے سر پر اس ڈیزائن کو دیکھ کر مداح حیرت زدہ رہ گئے ہیں کیونکہ ٹیٹو بنوانا یقیناً ایک تکلیف دہ عمل ہے۔
دوسری جانب سوشل میڈیا صارفین انوپم کھیر کی اس پوسٹ پر دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں۔