وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللّٰہ نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیفالٹ سے بچ گیا ہے مگر اب بھی بحران میں ہے۔
فیصل آباد میں تقریب سے خطاب میں وزیر داخلہ نے کہا کہ 14 ماہ کی حکومت پل صراط سے کم نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے ملک کو بحران سے بچالیا، آگے بڑھنے کےلیے نواز شریف کی قیادت پر اعتماد کرنا ہوگا۔
رانا ثناءاللّٰہ نے مزید کہا کہ شہباز شریف نے اپنی کارکردگی کا لوہا چین سے بھی منوایا ہے، وزیراعظم کو پنجاب اسپیڈ کا نام چین نے دیا ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ 4 سال کی گزشتہ حکومت کے دوران ملک میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا، پاکستان ڈیفالٹ سے بچ گیا ہے مگر اب بھی بحران میں ہے۔
وزیر داخلہ نے یہ بھی کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے ہمیشہ میاں نواز شریف اور ن لیگ کا ساتھ دیا ہے، نواز شریف نے ایٹمی دھماکے کر کے ملک کو ایٹمی طاقت بنایا۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی ایک فتنہ ناسور ہے، فتنہ چاہتا ہے کہ میاں نواز شریف ملک کو معاشی طور پر آگے نہ لے جاسکے۔