• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان دہشت گردوں کی مدد روکے ورنہ ہم خوو کارروائی کریں گے، بلاول بھٹو

اسلام آباد(نیوز ایجنسی) وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ افغانستان دہشتگردوں کی مدد روکے ورنہ ہم خود کارروائی کریں گے،دہشتگردی کے تناظر میں اپنے دفاع کیلئے عالمی قانون پر عمل کریں گے، افغانستان کے اندر کارروائی پہلا آپشن نہیں ہوگا، دفترخارجہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرخارجہ نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں افغان انتظامیہ پاکستان پر حملے کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرے گی، اگر استعداد کار کا مسئلہ ہے تو ہم افغانستان کی مدد کو تیار ہیں اور اگر کارروائی کرنے میں نیت کا مسئلہ ہے تو یہ الگ بات ہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان سے دہشتگردی کے تناظر میں اپنے دفاع کے لیے عالمی قانون پر عمل کریں گے۔ اگر افغان حکام کارروائی نہیں کرتے تو افغانستان کے اندر کارروائی ہمارا ایک ایکشن ہوسکتا ہے، مگر یہ بہرحال ہمارا پہلا آپشن نہیں ہوگا۔وزیرخارجہ نے کہا کہ نیٹو نے جو اسلحہ اور سامان رسد چھوڑا ہے وہ بعض جگہوں پر دہشتگردوں کے پاس ہے،انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بارے میں ہماری پالیسی واضح ہے، ہم بلاکس کی سیاست میں نہیں ہیں۔اپنے خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ بطور وزیرخارجہ یہ میرا منشورتھا کہ اس وزارت کوبہتر بنایا جائے، بیرون ملک مشنز اور دفتر خارجہ کے درمیان بہترین ربط قائم کیاجائے ۔
اہم خبریں سے مزید