• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایکنک اجلاس، کراچی میں انفرااسٹرکچر کی بہتری کیلئے 18 ارب سے زائد کے منصوبے منظور

کورنگی اور ملیر سمیت کراچی میں انفرااسٹرکچر کی بہتری کا منصوبہ منظور کرلیا گیا، منصوبے پر 18 ارب 80 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ایکنک کا اجلاس ہوا جس میں متعدد منصوبوں کی منظوری دی گئی۔

وزارت خزانہ کے مطابق عالمی بینک کراچی منصوبے کیلئے 16 ارب 70 کروڑ روپے قرض دے گا۔

قومی سطح پر زرعی ٹیوب ویلز کو سولر پر منتقل کرنے کا منصوبہ منظور کرلیا گیا، چاروں صوبوں کے علاوہ اسلام آباد کو بھی منصوبے میں شامل کیا گیا ہے۔

ماحولیات اور میونسپل سروسز میں بہتری کیلئے 64 ارب 48 کروڑ روپے لاگت  کا منصوبہ منظور کرلیا گیا، ایشیائی ترقیاتی بینک منصوبے کیلئے 51 ارب 58 کروڑ روپے قرضہ دے گا۔

گلگت بلتستان میں ماحولیات اور دیہی ترقی کا منصوبہ بھی منظور کیا گیا ہے، اس منصوبے پر 16 ارب 26 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔

سیالکوٹ ایمن آباد روڈ کو دو رویہ کرنے کا 10 ارب 82 کروڑ کا منصوبہ منظور کیا گیا ہے، منصوبے کے تحت کامونکی کو موٹروے کے ساتھ لنک کیا جائے گا، وفاقی اور صوبائی حکومتیں منصوبے پر پچاس، پچاس فیصد فنڈز خرچ کریں گی۔

وزارت خزانہ کے مطابق ایکنک نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ آؤٹ سورس کرنے کی منظوری بھی دے دی۔

قومی خبریں سے مزید