جنوبی امریکی ملک بولیویا میں آٹھ سالہ بچے کو اس وقت اسپتال منتقل کرنا پڑگیا جب اس نے ایک خطرناک سیاہ مکڑی (بلیک ویڈو) سے خود کٹوایا تاکہ پسندیدہ فلمی ہیرو اسپائیڈر مین بن سکے۔
یہ واقعہ وسطی بولیویا کے شہر اوررو کے وچلومہ میونسپلٹی میں پیش آیا۔
اطلاعات کے مطابق یہ بچہ جس کا نام ظاہر نہیں کیا گیا، اپنے گھر کے قریب سے گزرنے والے ایک دریا کے کنارے کھیل رہا تھا اس دوران اس نے ایک بڑے سے پتھر کو جب ہٹایا تو اس کے نیچے سے ایک بڑی بلیک ویڈو مکڑی نکلی۔
کمسن بچہ یہ بات نہیں جانتا تھا کہ اس انتہائی زہریلی مکڑی سے خود کو اسپائیڈرمین بننے کی امید پر کٹوانا کس قدر خطرناک نتائج کا حامل ہوسکتا ہے۔
تاہم اسپائیڈرمین بننے کی خواہش کو پورا کرنے کیلئے بچے نے خود کو مکڑی سے کٹوایا اور جب وہ گھر پہنچا تو اسے جسم میں شدید درد اور پٹھوں میں اکڑاؤ محسوس ہونے لگا۔
ابتدا میں تو اس نے اپنی والدہ کو کچھ نہیں بتایا لیکن تین گھنٹے کی شدید تکلیف کے بعد اس نے ساری صورتحال سے آگاہ کیا۔
جس پر پریشان حال ماں اسے قریبی ہیلتھ سینٹر لے گئی لیکن اس کی تشویشناک کیفیت دیکھ کر اسے جنرل اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ساری صورتحال جاننے کے بعد اس کا علاج کیا اور وہ صحتیاب ہوگیا۔