پاکستان کے نامور کلاسیکل گلوکار اور پٹیالہ گھرانے کے وارث، استاد حامد علی خان کا کہنا ہے کہ نئی نسل کو کلاسیکل موسیقی کی اہمیت کا اندازہ ہونا چاہیے، میں ایسا میوزک تیار کر رہا ہوں جو نئی نسل کو بھی اپنی طرف متوجہ کرے گا۔
انہوں نے سابق صدرِ مملکت پرویز مشرف کے ساتھ اپنی موسیقی کی جگل بندی کو یادگار تجربہ قرار دیا۔
حامد علی خان نے ڈیلس کے روچی پیلس میں منعقدہ اپنے شاندار موسیقی پروگرام کے بعد نمائندہ جنگ و جیو سے خصوصی گفتگو کی۔
انہوں نے بتایا کہ پرویز مشرف کا گانا پوری دنیا نے سنا اور اس وقت ان کا موسیقی میں دلچسپی لینا ایک حیران کن اور بڑی بات تھی۔
حامد علی خان نے کہا کہ یہ ان کے شوق کی عکاسی تھی اور آج وہ لمحات تاریخ کا حصہ بن چکے ہیں۔
کلاسیکل گلوکار نے کہا کہ پرویز مشرف نے ہمیشہ فنکاروں کو عزت دی، خاص طور پر مجھے، یہی وجہ ہے کہ ہم انہیں آج بھی یاد کرتے ہیں۔
استاد حامد علی خان نے کہا کہ پاکستان میں موسیقی کی ترویج کے لیے کی کوششیں جاری ہیں، میں ایسا میوزک تیار کر رہا ہوں جو نئی نسل کو بھی اپنی طرف متوجہ کرے اور انہیں آہستہ آہستہ کلاسیکل موسیقی کی اہمیت کا اندازہ ہو، نوجوانوں کو غزل، ٹھمری اور دیگر کلاسیکل اصناف سے روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ حکومت اور ثقافتی اداروں کو چاہیے کہ وہ موسیقی کے اصل فن کو فروغ دیں تاکہ نئی نسل کو معلوم ہو کہ اچھا اور معیاری میوزک کیا ہوتا ہے۔
گلوکار نے آرٹس کونسلز، پنجاب کونسل اور کل پاکستان میوزک کانفرنس جیسے اداروں کی سالانہ کاوشوں کی تعریف کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ ان اداروں کی مزید سرپرستی کی جائے۔
استاد حامد علی خان نے موسیقی کے شائقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ نئے اور پرانے دونوں قسم کے میوزک کو سنیں، آج کل کے میوزک میں بھی مزہ ہے، مگر اصل موسیقی وہ ہے جو برسوں کی ریاضت اور محنت کا نتیجہ ہو، اسے سمجھنے کے لیے سننا ضروری ہے۔
ڈیلس میں اپنی شاندار پرفارمنس کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے حسن سومرو نے مدعو کیا اور ڈیلس کے عوام نے بھرپور محبت اور عزت دی، میں ڈیلس کے تمام لوگوں بالخصوص حسن سومرو اور ان کی ٹیم کا شکر گزار ہوں جنہوں نے اس شاندار پروگرام کا انعقاد کیا۔
واضح رہے کہ ڈیلس میں ہونے والی محفلِ موسیقی میں استاد حامد علی خان کی تانوں اور سروں نے سامعین کو مسحور کر دیا تھا۔
استاد حامد علی خان 2 اعلیٰ صدارتی اعزازات پرائیڈ آف پرفارمنس اور ستارۂ امتیاز حاصل کر چکے ہیں۔