اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دن رات محنت کرکے حکومت اور اداروں نے ملکر جامع نظام وضع کر دیا، سپہ سالار جنرل عاصم منیر اور پوری کا شکر گزار ہوں، ہمیں وسائل کی منصفانہ تقسیم کے نظام پر متفق ہونا ہوگا، جلد پاکستان اپنے قدموں پر کھڑا ہوگا، آرمی چیف نے منصب سنبھالتے ہی ہمیں آگے بڑھنے کا پروگرام دیا، شہدا کی یادگاروں کی بیحرمتی کرنیوالوں کے منہ ملک کی تاریخ میں سیاہ رہیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے الوداعی دورے پر جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے آمد پر وزیراعظم کا استقبال کیا۔ وزیر اعظم نے پرنسپل اسٹاف آفیسرز سے ملاقات کی اور انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور یادگار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی۔ شہباز شریف آرمی آڈیٹوریم میں شہداء اور غازیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے منعقدہ تقریب کے مہمان خصوصی بھی تھے۔انہوں نے شہداء، غازیوں اور انکے خاندانوں کو ان کی لاتعداد قربانیوں اور مادر وطن کے دفاع کیلئے دی جانے والی خدمات پر زبردست خراج تحسین پیش کیا۔وزیراعظم نے ملک کی علاقائی سالمیت کے تحفظ اور پاکستان بھر میں دہشت گردی کی لعنت سے مضبوطی سے لڑنے میں مسلح افواج کے کردار کو سراہا۔انہوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیامت تک دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا، جانے سے پہلے ملکی ترقی کا جامع نظام بنادیا ہے۔شہداء اور غازی ہمارا فخر ہیں ۔