اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ورکنگ جرنلسٹس اور فنکاروں کے لئے ہیلتھ کارڈ کا اجرا وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کی تکمیل ہے۔ وہ منگل کو یہاں صحافیوں اور فنکاروں کے لئے ہیلتھ کارڈ اور وزارت قانون کی جانب سے پاکستان کوڈ، ڈیجیٹل ریپازیٹری آف فیڈرل لاز موبائل ایپلی کیشن اور ویب پورٹل کے اجرا کی تقریب سے خطاب کر رہی تھیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج اہم اور تاریخی دن ہے جب وزیراعظم کی ہدایت پر ورکنگ جرنلسٹس اور فنکاروں کیلئے ہیلتھ کارڈ جاری کیا جا رہا ہے، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا بحیثیت اپوزیشن لیڈر جو وژن تھا، آج اس پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس دستور نے صحافیوں اور میڈیا ورکرزکیلئے ہیلتھ انشورنش سکیم کارڈ کے اجراء اور دوران ڈیوٹی صحافی کے انتقال پر اہل خانہ کو 40 لاکھ روپے دینے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے ، پی ایف یو جے کے صدر محمد نواز رضا نے کہا ہے کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی قیادت میں وزارت اطلاعات نے دیرینہ مطالبہ پورا کردیا ہے جس پر صحافی برادری ان کی مشکور ہیں ۔