بھارتی ریاست ہماچل پردیش میں بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ سے 21 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ درجنوں لاپتہ ہیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو نے ہماچل پردیش میں بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ سے 21 افراد کے ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ مسلسل بارش نے ریاست میں معمولات زندگی کو درہم برہم کر دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق سکھویندر سنگھ سکھو نے بتایا کہ شملہ میں، سمر ہل کے علاقے میں شدید بارش کے دوران شیو مندر کے گرنے سے نو افراد ہلاک ہو گئے۔
پولیس کے مطابق مندر میں تقریباً 50 لوگ مذہبی عبادت میں مصروف تھے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شملہ شہر کے پہاڑی علاقے میں لینڈ سلائیڈنگ سے 21 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہوگئے ہیں، جبکہ نظام زندگی بھی رُک گیا ہے۔
اس کے علاوہ ہماچل پردیش میں، ایک درخت اکھڑ کر گاڑی پر گرنے سے ایک نجی بس کا کنڈکٹر زخمی ہو گیا۔ لینڈ سلائیڈنگ سےکئی گاڑیاں ملبے اور درختوں کے نیچےدب گئیں۔
خیال رہے کہ 48 گھنٹوں سے ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں شدید بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث ندیوں کے پانی کی سطح بلند ہوگئی ہے جبکہ لینڈ سلائیڈنگ سے اہم سڑکیں بند اور پل بہہ گئے۔
ہماچل پردیش میں بارشوں کے باعث ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا، حالات کے پیش نظر وزیر اعلیٰ سکھویندر سنگھ سکھو نے پہلے ہی تعلیمی اداروں کو بند کرنے کا حکم جاری کر دیا گیا تھا تاہم متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔