نارتھ کراچی میں گھر میں ڈکیتی کے لیے داخل ہونے والے 5 ڈاکو پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گئے، ہلاک ڈاکوؤں میں سے تین کی شناخت ہو گئی ہے۔
ایس ایس سینٹرل معروف عثمان کے مطابق ڈاکوؤں کی شناخت پائندہ خان، عبداللہ اور عمران کے نام سے ہوئی ہے، پائندہ خان اور عبداللہ کا کریمنل ریکارڈ بھی ملا ہے، دونوں کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں جبکہ تیسرے ڈاکو عمران کا تاحال کوئی کریمنل ریکارڈ نہیں ملا ہے۔
معروف عثمان نے بتایا کہ ملزمان سفید گاڑی میں آئے تھے جبکہ ملزمان کے دو ساتھی مقابلے کے دوران گاڑی لے کر فرار ہو گئے، گاڑی کے حوالے سے تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں، ڈاکوؤں کا گروہ گھر میں لوٹ مار کے لیے داخل ہوا تھا۔
متاثرہ شہری کے مطابق 5 ڈکیت میرے گھر میں کمرے کی گرل کاٹ کر داخل ہوئے، ملزمان نے میرے بھائی کے کمرے کا دروازہ توڑا اور بھائی کے ہاتھ پاؤں باندھ کر بھابی کو اوپر لے کر گئے۔
انہوں نے بتایا کہ ملزمان نے ٹی وی لاؤنج کا دروازہ توڑا اور وہاں بھی لوٹ مار کی، ملزمان ٹی وی لاؤنج پر آئے تو شور شرابا ہوا جس پر ملزمان نے مجھے مارا۔
متاثرہ شخص نے بتایا کہ ملزمان نے مجھ پر، میرے بھائی اور بھتیجوں پر تشدد کیا جبکہ میرے والدین کو کمرے میں بند کردیا، میں نے شور مچانا شروع کر دیا جس کی آواز آس پڑوس میں گئی تو 15 کو اطلاع ملی۔
متاثرہ شخص نے بتایا کہ ملزمان نے تمام تر قیمتی سامان لوٹ کر جمع کر لیا تھا اتنے میں پولیس پہنچ گئی، ملزمان نے نقدی، زیورات، لیپ ٹاپس اور دیگر سامان لوٹا کچھ ملا ہے کچھ سامان غائب ہے۔