اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) نگران حکومت نے وفاقی بیورو کریسی میں بڑے پیمانے پر تقرر و تبادلے کئے ہیں، سابق وزیر اعظم شہباز شریف اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے تعینات کردہ بیشتر بیو رو کریٹس کو کلیدی عہدوں سے ہٹادیا گیا ہے۔
چیف کمشنر اسلام آباد، چیف سیکرٹری سندھ و بلوچستان ڈویژن رپورٹ کرنیکی ہدایت، سیکرٹری داخلہ بھی تبدیل، جہانزیب خان ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن، کامران علی افضل سیکرٹری کابینہ ڈویژن، تعینات،سپیشل سیکرٹری وزیراعظم دفتر کا تبادلہ، وفاقی کابینہ اورصوبائی وزراء اعلیٰ کا تقرر مکمل ہونے کے بعد وفاقی حکومت، سندھ، بلوچستان کی صوبائی حکومتوں اور آزاد کشمیر حکومت کی اعلیٰ بیوروکریسی میں تعینات وفاقی بیوروکریٹس کے تقرر و تبادلے کئے گئے ہیں۔
پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 22 کے چیف سیکرٹری سندھ ڈاکٹر محمد سہیل راجپوت کو عہدے سے ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پاکستان ایڈمنسٹریٹو سروس گریڈ 22 کے ڈاکٹر محمد فخرِ عالم عرفان چیف سیکرٹری سندھ تعینات کئے گئے ہیں وہ سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈویژن تعینات تھے، ان لینڈ ریونیو سروس گریڈ 22 کی سیکرٹری قومی ورثہ ڈویژن فارینہ مظہر ، پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس کے گریڈ 22 کے سیکرٹری وزارتِ بحری امور غفران میمن کو عہدوں سے ہٹا کر فوری طور پر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ پاکستان آڈٹ اینڈ اکاؤنٹس سروس گریڈ 22 کی ارم انجم خان کو سیکرٹری وزارتِ بحری امور تعینات کیا گیا ہے۔
سیکرٹری داخلہ علی مرتضیٰ کا تبادلہ کر کے سیکرٹری آبی وسائل، ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی لاہور کامران علی افضل کا تبادلہ کر کے سیکرٹری کابینہ ڈویژن، سیکرٹری آبی وسائل ڈویژن حسن ناصر جامی کا تبادلہ کر کے سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی ڈویژن، او ایس ڈی اسٹیبلشمنٹ ڈویژن شہزاد خان بنگش کو سیکرٹری ہاؤسنگ اینڈ ورکس ڈویژن، او ایس ڈی آصف حیدر شاہ کو سیکرٹری موسمیاتی تبدیلی ڈویژن، پولیس سروس گریڈ 22 کے کمانڈنٹ نیشنل پولیس اکیڈمی اے ڈی خواجہ کا تبادلہ کر کے سیکرٹری انسانی حقوق ڈویژن، تقرر کی منتظر حمیرا احمد کو سیکرٹری قومی ورثہ ڈویژن، علی رضا بھٹہ کو سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی ڈویژن، سپیشل سیکرٹری وزیراعظم دفتر سارہ سعید کا تبادلہ کر کےسپیشل سیکرٹری تجارت ڈویژن، سپیشل سیکرٹری کابینہ ڈویژن اعزاز اسلم ڈار، سیکرٹری آئی ٹی نوید احمد شیخ، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر عثمان چاچڑ اور چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، ایڈیشنل سیکرٹری ڈویژن ساجد بلوچ سپیشل سیکرٹری کابینہ ڈویژن، ایڈیشنل سیکرٹری انچارج سائنس و ٹیکنالوجی ڈویژن عبداللہ خان سنبل ایڈیشنل سیکرٹری انچارج داخلہ ڈویژن، ایڈیشنل سیکرٹری انچارج صنعت وپیداوار ڈویژن مومن آغا ایڈیشنل سیکرٹری انچارج پٹرولیم ڈویژن، ایڈیشنل سیکرٹری انچارج پٹرولیم ڈویژن محمد محمود ایڈیشنل سیکرٹری انچارج نیشنل فوڈ سیکورٹی ڈویژن، ایڈیشنل سیکرٹری پلاننگ ڈویژن داؤد محمد باریچ چیف سیکرٹری آزاد کشمیر، ایڈیشنل سیکرٹری پاور ڈویژن شکیل قادر خان چیف سیکرٹری بلوچستان تعینات کئے گئے ہیں، ڈی جی امیگریشن اینڈ پاسپورٹس یاور حسین اور ایڈیشنل سیکرٹری انچارج موسمیاتی تبدیلی ڈویژن مصدق احمد خان کو اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ جوائنٹ سیکرٹری قومی صحت مصطفیٰ جمال قاضی ڈی جی امیگریشن و پاسپورٹس مقرر کئے گئے ہیں، چیف کمشنر اسلام آباد اور چیئرمین کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کیپٹن (ر) نور الامین مینگل کو عہدے سے ہٹا کر اسٹیبلشمنٹ ڈویژن رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے اور کیپٹن (ر) انوار الحق کو چیف کمشنر اسلام آباد تعینات کیا گیا ہے، مینجنگ ڈائریکٹر پرنٹنگ کارپوریشن پاکستان ندیم ارشاد کیانی کو ڈائریکٹر جنرل سول سروسز لاہور کا 3 ماہ کیلئے اضافی چارج تفویض کیا گیا ہے جبکہ محمد جہانزیب خان کنٹریکٹ پر ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن مقرر کئے گئے ہیں، اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے تقرر و تبادلوں کے باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیئے ہیں۔