• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
خدا کرے کہ عمر چیمہ کی ساری ٹیکس رپورٹیں جھوٹی ہوں، خدا کرے کہ یہ جھوٹ ہو کہ موجودہ 47 فیصد اراکان ِ اسمبلی نے کوئی ٹیکس نہیں دیا۔یہ بھی جھوٹ ہو کہ 12 فیصد کے پاس این ٹی این نمبر ہی نہیں، یہ بھی جھوٹ ہو کہ سیاسی جماعتوں کے قائدین سمیت بہت سے دیگر نمایاں سیاسی ’’رہنمائوں‘‘ کی دی گئی ٹیکس معلومات میں تضادات ہیں۔ خدا کرے یہ بھی جھوٹ ہو کہ اس وقت وفاقی اور صوبائی اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے1070اراکین اسمبلی کے انتخابی اخراجات کے بارے میں جمع کرائے گئے بیانِ حلفی سراسر جھوٹ ہیں۔ خدا کرے کہ عمر چیمہ کبھی بڑے بڑے صحافیوں اور کالم نگاروں کے ٹیکس ریکارڈ پر بھی اتنی ہی محنت کرے جتنی وہ اراکانِ پارلیمنٹ کے بارے میں کرتا ہے۔ خدا کرے کہ ایک نمایاں کالم نگار اور اینکر کی جانب سے آج کل تحریکِ انصاف میں شامل بہت سے ’’تائب‘‘ لوگوں کے بارے میں جہاز، اسٹیبلشمنٹ اور ڈالرکے میرٹ والے الزامات غلط ہوں۔ خدا کرے کہ خود ان پر لگنے والا یہ الزام بھی جھوٹ ہو کہ انہیں خیبرپختونخوا کے ایک گمنام صحافی سے اُٹھا کر اسٹیبلشمنٹ نے پرویز مشرف کے وزیرِ اطلاعات محمد علی دُرانی پر دبائو ڈال کر ٹی وی میں نوکری دلوائی اور پھر وہ مین اسٹریم میڈیا میں اپنا مقام بنانے میں کامیاب ہوئے۔ خدا کرے یہ جھوٹ ہو کہ ہمارے سیاستدانوں، جرنیلوں اور سرکاری عمال نے آپ کے اور میرے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ ڈال کر اربوں ڈالر بیرون ملک بینکوں میں رکھے ہوئے ہیں۔ خدا کرے کہ ہمارے معاشرے کے تقریباً ہر کامیاب شخص اور رول ماڈل کا اصل چہرہ اور کردار اتنا بھیانک نہ ہوجتنا اکثر فلموں میں دکھایا جاتا ہے۔خدا کرے کہ ہمارے اہم اور حساس اداروں کے اکثر چوٹی کے عہدوں پر امریکہ کے باقاعدہ ایجنٹوں یا پھر اس کے تسخیر شدہ اور تصدیق شدہ مرعوبین کا قبضہ نہ ہو۔ خدا کرے کہ یہ خبر درست ہو کہ حکومت نے بدنام ِ زمانہ اور انسانی حقوق کو پامال کرنے میں شہرت رکھنے والی امریکی خفیہ اداروں کی تنظیم بلیک واٹر اور ژی کے ایجنٹوں کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا ہے جو کھلے عام اسلام آباد کی کوٹھیوں میں رہتے ہیں، اس کی سڑکوں پر گھومتے ہیں اور انہوں نے پاکستان میں پچھلے کئی سالوں سے ادھم مچایا ہوا ہے، کسی میں ہمت نہیں کہ ان کا راستہ روک سکے۔ خدا کرے کہ ہماری فوج اور اس کی ایجنسیاں اپنے ملک اور اپنی سیاسی جماعتوں کو فتح کرنے کے بجائے دوسرے ملکوں اور ان کی سیاسی جماعتوں کے پاکستان کے مفادات کے خلاف عزائم کو ناکام بنانے پر توجہ دیں اور کوئی کامیابی حاصل کر کے دکھائیں۔ خدا کرے کہ غاصب پرویز مشرف کو قانون کی گرفت سے بچا کرباہر بھجوانے میں بھی ریمنڈ ڈیوس کیس کی طرح کوئی قوت ملوث نہ ہو۔ خدا کرے یہ سچ ہوکہ غیر قانونی اور غیر انسانی ڈرون حملے ہی پاکستان کی سیکورٹی کی سب سے بڑی ضمانت ہیں اورہمارے اپنے ہی علاقوں کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے امریکی حملوں کے بغیر ہماری فوج بے بس ہے، اس لئے انہیں جاری رہنے دینا چاہئے۔ خدا کرے کہ ہمارے سرکاری عمال خصوصاً سول سپیرئر سروس والےبرتر عُمال کے سر تا پا کرپشن، نااہلی اور خوشامد جیسی بیماریوں سے صحت یاب ہونے کے کوئی آثار باقی بچے ہوں۔ خدا کرے کہ ہمارے کاروباری طبقات، خصوصاًکارپوریٹ گورا صاحبان کے دلوں سے پیسے، پیسے، پیسے کی ہوس کچھ کم ہو اور وہ مافیا، کارٹل، اجارہ داریوں جیسے گناہوں سے توبہ کر کے ٹیکس دینے، مناسب منافع اور تنخواہیں لینے اور مزدور کو اس کی اصل اجرت دینے کی عادتیں اپنا لیں۔ خدا کرے کہ ایک سیاسی جماعت کے بارے میں چوہدری شجاعت کا وہ طعنہ غلط ہو کہ اس کے نکتہ عروج میں اس میں شامل ہونے والے صاف ستھرے اور اُجلے سیاسی وتکنیکی لیڈر راولپنڈی کی لانڈری سے دھل کے آئے ہیں۔خدا کرے کہ چوہدری شجاعت کی اپنی (ق) لیگ والی لانڈری بھی ان کی اپنی ہو نہ کہ وہی راولپنڈی والی جو بغیر دھلے ہی ان کی الماریوں کی زینت بنا دی گئی۔ خدا کرے کہ راولپنڈی کی بدنامِ زمانہ سیاسی لانڈری ہی کسی طرح بند ہو جائے۔ خدا کرے کہ ہمارا ایک عام پاکستانی شہری ، جھوٹ، بے ایمانی، کرپشن، مفاد پرستی، سفارش کا اتنا رسیا نہ ہو جتنا اس پر الزام ہے۔ خدا کرے کہ ہمارے معاشرے میں اصول، اخلاقیات، ایمانداری کی بات کرنا اور ان پر عمل پیرا ہونا ایک جرم نہ ہو، ایک گناہ نہ ہو۔ خدا کرے ہمارے اوسط سیاستدان گندی، تنگ نظری اور مفاد پرستی کی سیاست کو چھوڑ کر اعلیٰ تر مقاصد کی خاطر سیاست کرنا سیکھیں۔ خدا کرے ہمیں ِ(ن)لیگ، پیپلز پارٹی، اے این پی ، ایم کیو ایم اور ان کے قائدین سے کوئی خیر کی توقع دوبارہ سے پیدا ہو جائے تاکہ ہم ناتجربہ کار لوگوں سے نئے پاکستان کی امیدیں لگانا چھوڑ دیں۔ خدا کرے ہمارے حکمران طبقات کے دلوں سے غیرت، جرأت، قربانی، حمیت جیسے الفاظ اور مظاہر کے بارے میں نفرت کچھ کم ہو جائے اور حکمرانی کرتے وقت وہ ان اوصاف کو بھی کوئی اہمیت دینا شروع کر دیں۔ خدا کرے کہ ہمارے حکمران طبقے امریکہ اور انگریزی زبان کے نا پائیدار سحر سے باہر نکلیں اور اس ملک کو آگے بڑھانے کیلئے کردارسازی، تعلیم، سائنس، تحقیق اور اختراع و ایجاد کے شعبوں میں کوئی ادنیٰ سے کارنامہ ہی سر انجام دینا سیکھیں۔خدا کرے ہمارے دانشور ہمیں بھیک(ایڈ) کی برکات گنوانے اور قرضوں کے فوائد بتانے کی علت سے باز آ جائیں۔خدا کرے کہ ہم ہندو دشمنی، امریکہ دشمنی، یہودی دشمنی جیسی ہذیانی کیفیت سے باہر نکلیں اور تاریکی و نور اور غلبہ حاصل کرنے والے دلائل کے بجائے پُرامن بقائے باہمی والی سوچ اور دوسری قوموں اور مذہبوں کی اچھی باتوں کا ادراک کرپانے کی صلاحیت اپنا سکیں۔ خدا کرے ہم بحثیت قوم مذہبی تنگ نظری، تاریخی لاعلمی اور علمی کم مائیگی پر قابو پا سکیں۔ خدا کرے!
خدا کرے میں نے جو باتیں سچ سمجھیں وہ جھوٹ ہوں اور جو باتیں جھوٹ جانیں وہ سچ ہوں۔ خدا کرے !!
خدا کرے کہ میری ارضِ پاک پر اترے
وہ فصلِ گُل جِسے اندیشئہ زوال نہ ہو
خدا کرے کہ احمد ندیم قاسمی کا یہ شعر انہی لوگوں کی زباں پر نہ ہو جن کی وجہ سے اس فصلِ گل کو اندیشئہ زوال لاحق ہے۔
خدا کرے!! خدا کرے!!
تازہ ترین