قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کھلاڑی، سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے آج کینڈی میں ہونے والے پاکستان بھارت ٹاکرے سے قبل جذباتی کرکٹ شائقین کے لیے پیغام شیئر کیا ہے۔
وسیم اکرم نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر نئی ویڈیو شیئر کی ہے جس میں اُن کا کہنا ہے کہ جو لوگ سوشل میڈیا پر کینڈی کے موسم کا پوچھ رہے ہیں اُن کو بتاتا چلوں کے یہاں ہلکی ہلکی بارش ہو رہی ہے۔
وسیم اکرم کا کہنا ہے کہ یہ میرے ہوٹل کے مناظر ہیں، یہاں سے گراؤنڈ ایک گھنٹہ دور ہے، میرے عقب میں بادل چھٹتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں اور امید ہے کہ میچ کے دوران بارش نہیں ہوگی۔
ویڈیو کے آخر میں وسیم اکرم کا جذباتی کرکٹ شائقین کو مخاطب کرتے ہوئے کہنا ہے کہ یاد رکھنا یہ صرف ایک میچ ہے، کسی ایک ٹیم نے جیتنا اور ہارنا ہے، اپنی ٹیم کو سپورٹ کریں اور کھیل کو انجوائے کریں۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کے سلسلے میں آج اہم ترین میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہونے جا رہا ہے۔
حریف ٹیمیں پاکستان اور بھارت آج مدمقابل ہوں گے۔
دوسری جانب سری لنکا کے شہر پالے کیلے کا موسم بہتر ہو گیا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ بارش کے امکانات کم ہوگئے ہیں۔