چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان اداروں اور سیاسی جماعتوں سے گفتگو کےلیے تیار ہوگئے۔
اٹک جیل میں لیگل ٹیم کے رکن بیرسٹر گوہر علی اور شعیب شاہین نے چیئرمین پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کی۔
گوہر علی نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ وہ اس سب کچھ کے باوجود اداروں اور سیاسی جماعتوں سے گفتگو کےلیے تیار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دوران گفتگو چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مجھے جیل میں ناجائز طور پر ڈالا گیا ہے۔
بیرسٹر گوہر علی نے مزید کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے واضح طور پر کہا ہے کہ اداروں اور سیاسی جماعتوں سے بات چیت کا محور "90 دن میں الیکشن کیسے ہوں؟" ہوگا۔
شعیب شاہین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی تندرست اور مکمل فٹ ہیں، وہ جیل میں روزانہ ایک گھنٹہ ورزش کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کسی بھی ڈیل کے تاثر کو مسترد کردیا ہے اور کہا کہ ملک میں عدالتوں کا احترام نہیں، سیاسی استحکام آنے تک ملک ترقی نہیں کرسکتا۔
پی ٹی آئی وکیل نے یہ بھی کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ وہ اپنے راستے سے نہیں ہٹیں گے، ان کی سیاسی جہدوجہد اور قربانی قوم کے لیے ہے۔
شعیب شاہین نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جن کے اثاثے باہر ہیں ڈالر بڑھنے کا انہیں فائدہ ہوا۔