• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آن لائن، بلامعاوضہ نئی مہارتیں سیکھنے کی ویب سائٹس

بنتِ عطاء، گوجرانوالہ

اگر آپ گھر بیٹھے بالکل مفت سیکھنا چاہتے ہیں، تو یہ تحریرآپ کے لیے سودمند ثابت ہوسکتی ہے۔ موجودہ ترقی یافتہ دَور میں انٹرنیٹ کی بے پناہ اہمیت و قوت سے کوئی انکار نہیں کرسکتا، بلکہ اب تو انٹرنیٹ کے بغیر ترقی کا تصور بھی ناممکن ہے، تو کیوں نہ اس ترقی سے فائدہ اٹھایا جائے۔ سو، ذیل میں 5بہترین ویب سائٹس کا تعارف پیشِ خدمت ہے، جن سے آپ گھر بیٹھے بہت کچھ سیکھ سکتے ہیں۔ یاد رہے، ان کورسز کی تکمیل سے آپ نہ صرف اپنی قابلیت بڑھاپائیں گے، بلکہ اس سے گھر بیٹھے بیٹھے پیسے کمانے کے مواقع بھی میسّر آئیں گے۔

ڈی جی اسکلز (digiskills.pk): ڈی جی اسکلز، پاکستان کی سب سے بڑی آن لائن لرننگ ویب سائٹ ہے، جو کہ بلامعاوضہ 15کورسز کرواتی ہے۔ یہ پروگرام منسٹری آف انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کام کے تحت ایگنائیٹ (Ignite) کے مالی تعاون سے ورچوئل یونی ورسٹی آف پاکستان کے ذریعے چلایا جارہا ہے۔ 

اس پروگرام میں فِری لانسنگ، افلیئٹ مارکیٹنگ، ویڈیو ایڈیٹنگ، ڈیٹا انالیسٹس، سافٹ اسکلز، ورچوئل اسسٹنٹ، ای کامرس مینجمنٹ، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، ڈیجیٹل لٹریسی، اٹو کیڈ، ورڈ پریس، گرافک ڈیزائننگ اور ایس،ای، او جیسے کورسز شامل ہیں۔digiskills.pk کی ویب سائٹ پر اپنا اکاؤنٹ بناکر کسی بھی کورس میں داخلہ لے لیں اور صرف تین ماہ میں اپنا کورس مکمل کرکے سند حاصل کریں۔

کورسیرا(coursera.org): اگر آپ پاکستان میں بیٹھ کر دنیا کے کسی بھی ملک کے ٹیچرز، پروفیسرز سے پڑھنا چاہتے ہیں، تو اس کے لیے کورسیرا ایک بہت ہی زبردست ویب سائٹ ہے۔ یہاں آپ کو دنیا بھر کی مشہور یونی ورسٹیز ملیں گی، جو آپ کو 5800 سے زائد کورسز، ڈگریز اور سرٹیفیکٹس مہیّا کرتی ہیں۔

اس کے لیے بس کورسیرا کی ویب سائٹ پر جائیں، اپنا اکاؤنٹ بنائیں، اپنی پسند کے کورس یا ڈگری کا انتخاب کریں اور گھر بیٹھے اپنی تعلیم کا سلسلہ مفت جاری رکھیں۔ یاد رہے کہ کورسیرا جہاں بہت سے منتخب کورسز اور مضامین کی تعلیم مفت فراہم کرتا ہے، وہیں کچھ کورسز کے لیے فیس بھی مقرر ہے، تاہم خوش آئند بات یہ ہے کہ یہاں مفت کورسز کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

خان اکیڈمی(khanacademy.org):خان اکیڈمی، ایک ایسا آن لائن لرننگ پلیٹ فارم ہے، جو ہر عمر کے بچّوں کو کسی بھی قسم کی تعلیم میں مدد فراہم کرتا ہے۔ یہاں بچّوں کے لیے لیکچرزاور ویڈیوز کے علاوہ پریکٹس پیپرز بھی دیئے جاتے ہیں، جن سے وہ اپنا جائزہ لے سکتے ہیں۔ آپ بھی خان اکیڈمی پر اکاؤنٹ بناکر اپنے پسند کے کورس کا انتخاب کرسکتے ہیں۔

ایڈ ایکس(edx.org): ایڈ ایکس ایک مقبول آن لائن لرننگ پلیٹ فارم ہے، جو ہارورڈ، کیمبرج اور مانچسٹر جیسی اعلیٰ یونی ورسٹیز سے 4ہزار سے زائد کورسز کی سہولت پیش کرتا ہے۔ یہاں بھی اکائونٹ بنا کر آپ اپنے کورس کا انتخاب کرنے کے بعد اپنی ضرورت کے لحاظ سے جتنے کورسز کرنا چاہیں، کرسکتے ہیں۔ اس لرننگ پلیٹ فارم سے کمپیوٹر سائنس اور انجینئرنگ سے لے کرہیومینیٹیز اور سوشل سائنسزتک سب کچھ سیکھا جاسکتا ہے۔

ایلیسن(alison.com): یہ ویب سائٹ بھی 4000سے زائد مفت کورسز کی سہولت فراہم کرتی ہے۔ جن میں آئی ٹی اور بزنس سے لے کر ٹیچنگ اینڈ اکیڈمی تک کے کورسزشامل ہیں۔ یہاں سے کورس کی تکمیل کے بعد سند (سرٹیفیکٹ) بھی دی جاتی ہے۔ مزید برآں، اس ویب سائٹ پر اکاؤنٹ بنا کر مختلف زبانیں بھی سیکھی جاسکتی ہیں۔