نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے قومی فضائی ادارے پی آئی اے کو پھر بہترین ادارہ بنانے کی ہدایت کی ہے۔
نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ ایک بار پھر بہترین ادارہ بنانے کے لیے پی آئی اے مینجمنٹ اور ہوا بازی ڈویژن دن رات کام کریں۔
یہ بات انہوں نے اپنی زیرِ صدارت پی آئی اے کے حوالے سے اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ہے۔
نگراں وزیرِ اعظم کا کہنا ہے کہ ملک کے دیگر شہروں سے فضائی رابطہ مزید بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں، پی آئی اے کی پروازوں کے اوقاتِ کار مسافروں کی سہولت کے مطابق رکھے جائیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا ہے کہ پی آئی اے نے ماضی میں شاندار فضائی سروسز فراہم کیں، دنیا بھر میں نام کمایا، پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ سے متعلق پلان اقتصادی رابطہ کمیٹی میں پیش کیا جائے۔
اجلاس کے دوران نگراں وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی آئی اے ایکٹ 2016ء میں حالیہ ترمیم سے پی آئی اے کی ری اسٹرکچرنگ کی راہ استوار ہوئی۔
اجلاس میں نگراں وزیرِ خزانہ شمشاد اختر، مشیر برائے ہوا بازی ایئر مارشل (ر) فرحت حسین، مشیرِ نگراں وزیرِ اعظم احد چیمہ اور سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔